آئی ڈی پیز کے لیے امداد، پہلا ٹی ٹوئنٹی مقابلہ آج ہوگا

شمالی وزیرستان سے بے گھر افراد کی امداد کے لیے چار ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کے سلسلے کا پہلا میچ آج راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان اے اور حمزہ شہباز الیون کے درمیان ہونے والے اسے میچ میں معروف قومی کرکٹرز کھیلتے ہوئے نظر آئیں گے۔
شاہد آفریدی، یونس خان، عمر گل اور اکمل برادران سمیت کئی موجودہ اور سابق نامور قومی کرکٹرز بھی ان مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی مقابلہ جمعہ کی شب 10 بجے شروع ہوگا جو قومی نشریاتی ادارے کی جانب سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم سے براہ راست ٹیلی ویژن پر بھی نشر کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ شمالی وزیرستان سے عسکریت پسندوں کے انخلاء کے لیے پاکستانی افواج کا آپریشن ضرب عضب جاری ہے جس کے باعث علاقے سے نقل مکانی کرنے والوں (آئی ڈی پیز) میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق اب تک پانچ لاکھ سے زائد افراد اس وقت آپریشن کی وجہ سے بے گھر ہیں اور کسمپرسی کی حالت میں عارضی خیموں میں رہنے پر مجبور ہیں۔
آئی ڈی پیز کی امداد کے یے دیگر تین ٹی ٹوئنٹی مقابلے 21، 24 اور 26 جولائی کو کھیلے جائیں گے جن کی میزبانی پنجاب کے دیگر بڑے شہر لاہور، فیصل آباد اور ملتان کے حصے میں آئے گی۔