[ویڈیوز] سنیل نرائن کا تاریخی 'سپر اوور'؛ 0 رن 1 وکٹ

1 1,106

ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز اسپنر سنیل نارائن نے گزشتہ روز کیریبیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) میں وکٹ میڈان سپر اوور کروا کر نہ صرف اپنی ٹیم ایمیزون واریئرز کو فتح دلوائی بلکہ ٹی ٹوئنٹی طرز میں نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے گیند باز بن گئے ہیں۔

سنیل نرائن میڈان سپر اوور کروانے والے پہلے کھلاڑی ہیں (تصویر: گیٹی امیجز)
سنیل نرائن میڈان سپر اوور کروانے والے پہلے کھلاڑی ہیں (تصویر: گیٹی امیجز)

گیانا میں کھیلے گئے میچ میں ریڈ اسٹیل نے پہلے کھیلتے ہوئے 118/8 رنز بنائے جواباً آخری اوور میں مخالف ٹیم کی انتہائی خراب فیلڈنگ کے باوجود ایمیزون واریئرز 118/9 رنز ہی بنا پائی اور یوں مقابلہ ٹائی ہوگیا۔ ایمیزون واریئرز کی نمائندگی کرنے والے پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے سابق قائد محمد حفیظ نے کوئی رن نہیں بنایا۔

میچ کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے دونوں ٹیموں کو سپر اوور دیا گیا جس میں پہلے دنیش رام دین کی ٹیم ایمیزون واریئرز نے بلے بازی کی اور 6 گیندوں پر 11 رنز بنائے۔ باوجویکہ پہلی گیند پر بارنویل نے کیوون کوپر کو چھکا رسید کیا تاہم باقی ماندہ گیندوں پر صرف 5 ہی رنز بن سکے اور یوں ریڈ اسٹیل کے سامنے 6 گیندوں پر 12 رنز کا قدرے آسان ہدف ملا۔

اس آسان ہدف کو حاصل کرنے کے لیے ریڈ اسٹیل نے وکٹ کیپر بلے باز نکلولس پوران کو بھیجا جب کہ ایمیزون واریئرز کی طرف سے سنیل نارائن گیند کروانے کے لیے آئے۔ اسپنر نرائن نے پہلی گیند نکولس کو ضائع کروائی اور پھر ان پر ایسا دباؤ قائم کیا جس سے نکولس آخر تک چھٹکارا حاصل نہ کرپائے۔ نرائن کی دوسری، تیسری اور پھر مسلسل چوتھی گیند پوران کے بلے کو چھوئے بغیر ہی وکٹ کیپر کے پاس جاتی رہی، نہ گیند بلے سے لگی اور نہ ہی کوئی رن بن سکا۔ پانچویں گیند پر اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں نکولس پوران پویلین لوٹ گئے مگر تب تک ریڈ اسٹیل کی کشتی مکمل طور پر ڈوب چکی تھی اور اسے صرف 1 گیند پر 12 رنز درکار تھے جو اعداد و شمار کے اعتبار سے ناممکن تھا۔ نرائن نے آخری گیند پر روز ٹیلر کو بھی چکما دے دیا اور یوں ایک تاریخی، شاندار اوور مکمل ہوا جس میں نرائن نے بغیر کوئی رن دیئے ایک وکٹ حاصل کی۔