عدالت کا پی سی میں انتخابات کا حکم، نجم سیٹھی دستبردار
عدالت عظمیٰ (سپریم کورٹ) نے پاکستان کرکٹ بورڈ میں نئے انتخابات کروانے کے احکامات جاری کردیے اور نجم سیٹھی کہتے ہیں کہ وہ چیئرمین کے عہدے کے لیے انتخاب نہیں لڑیں گے۔
پی سی بی چیئرمین تقرری کیس کی سماعت پیر کو لاہور میں جسٹس میاں ثاقب نثار کی قیادت میں عدالت عظمیٰ کے دو رکنی بینچ نے کی۔ جس نے ذکا اشرف کی بحالی کا اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے آئندہ سات روز میں پی سی بی میں قائم مقام چیئرمین و الیکشن کمشنر کی تقرری کا حکم دیا اور ساتھ ساتھ یہ بھی قرار دیا کہ عدالت معاملے کو دیکھ رہی ہے کہ کہیں حکومت بدنیتی کے ساتھ اپنے من پسند فرد کو تو چیئرمین کا عہدہ نہیں دینا چاہ رہی۔
عدالت نے عبوری چیئرمین اور الیکشن کمشنر کی تقرری تک نجم سیٹھی کو ہی پی سی بی کے معاملات سنبھالنے کا حکم دیا۔ پانچ گھنٹے کی سماعت کے دوران نجم سیٹھی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وہ چیئرمین کے انتخابات میں حصہ لینے کی خواہش نہیں رکھتے۔ عدالت نے نئےآئین کے نفاذ کے احکامات بھی جاری کیے۔
امید کی جاتی ہے کہ عدالت کے اس حتمی فیصلے کے ساتھ ہی پاکستان کرکٹ میں میوزیکل چیئرز کا کھیل ختم ہوجائے گا جو گزشتہ ایک سال سے نجم سیٹھی اور ذکا اشرف کی آوت جاوت دیکھ رہا ہے۔ کبھی کوئی عدالت ذکا اشرف کو چیئرمین بنا دیتی ہے تو کبھی نجم سیٹھی کو بحال کردیتی ہے اور اس پورے تنازع نے پاکستان کرکٹ کو عجیب مخمصے میں مبتلا کردیا ہے۔