سری لنکا کے خلاف واحد ہدف جیت ہے، وقار یونس

0 1,075

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ دورۂ سری لنکا میں واحد ہدف جیت ہوگا، چاہے اس کے لیے جارحانہ کھیل کھیلنا پڑے، یا دفاعی۔

میری ذمہ داریوں میں سے ایک پاکستان میں باصلاحیت تیز باؤلرز ڈھونڈنا بھی ہے، وقار (تصویر: Getty Images)
میری ذمہ داریوں میں سے ایک پاکستان میں باصلاحیت تیز باؤلرز ڈھونڈنا بھی ہے، وقار (تصویر: Getty Images)

لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وقار یونس نے کہا کہ اگلے سال عالمی کپ کی تیاری کے لیے وہ سیریز نہیں بلکہ ہر میچ کے لحاظ سے حکمت عملی ترتیب دیں گے اور امید کرتے ہیں کہ عالمی کپ سے جیت کے راستے پر گامزن ہوجائیں۔

ماضی کے عظیم تیز گیندباز وقار یونس کا دل اب بھی ایک تیز باؤلر کی طرح دھڑکتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ان کا کہنا تھا کہ ان کی ذمہ داریوں میں سے ایک پاکستان میں باصلاحیت نوجوان تیز باؤلرز کو ڈھونڈنا اور انہیں پروان چڑھانا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا میں فتوحات کے لیے وہ صرف اسپنر گیندبازوں پر انحصار نہیں کریں گے بلکہ وکٹ دیکھ کر فیصلہ کریں گے کہ باؤلنگ اٹیک کیسا منتخب کیا جائے۔ فی الوقت تیز اور اسپن دونوں باؤلرز کو سری لنکا سے نمٹنے کے لیے تیار کررہے ہیں۔

انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں سری لنکا کی عمدہ کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے وقار نے سیریز کو مشکل ضرور قرار دیا لیکن ماضی میں پاکستان کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے وقار یونس بہت پرامید دکھائی دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی پوری کوشش ہوگی کہ ٹیم سری لنکا میں ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز جیتے اور قوم بھی رمضان کے مبارک مہینے میں فتوحات کی دعا کرے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ 10 آفیشلز کی موجودگی کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں وقار یونس نے کہا کہ یہ تعداد کچھ زیادہ نہیں ہے، دیگر ٹیموں کے پاس تو 17 سے 18 آفیشلز بھی ہوتے ہیں۔ ویسے بھی آفیشلز جتنے زیادہ ہوں گے، کھلاڑیوں کو اس کا فائدہ بھی اتنا ہی ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملات عدالت میں پہنچنے کے حوالے سے وقار یونس نے کہا کہ بورڈ کے معاملات سے کچھ لینا دینا نہیں ہے اور ان کی تمام تر توجہ اس وقت ورلڈ کپ سے پہلے کی تین سیریز پر ہے۔

پاکستان اگلے ماہ سری لنکا کے خلاف 2 ٹیسٹ اور تین ون ڈے میچز کھیلے گا جس کے بعد پاکستان متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی میزبانی کرے گا۔ یہ تینوں سیریز وقار یونس کے کوچ کی حیثیت سے دوسرے عہد کا بہت کڑا امتحان ہوں گی۔