ایک اور نمائشی قدم ، پاکستان کے ڈومیسٹک کرکٹ ڈھانچے میں تبدیلی

0 1,003

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے نمائشی اقدامات کی فہرست میں ایک اور تازہ اضافہ کرتے ہوئے ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے میں ایک مرتبہ پھر تبدیلی کا اعلان کردیا ہے، جس کے مطابق پریزیڈنٹس ٹرافی کا خاتمہ کردیا گیا ہے اور ریجنز اور ڈپارٹمنٹس کی ٹیمیں ایک ہی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی کھیلیں گی۔

اب تمام ٹیمیں مشترکہ قائد اعظم ٹرافی میں کھیلیں گی (تصویر: PCB)
اب تمام ٹیمیں مشترکہ قائد اعظم ٹرافی میں کھیلیں گی (تصویر: PCB)

اکتوبر سے لے کر جنوری تک جاری رہنے والی قائد اعظم ٹرافی دو حصوں میں تقسیم ہوگی، جس میں مجموعی طور پر ڈپارٹمنٹس کی 12 اور ریجنز کی 14 ٹیمیں مدمقابل ہوں گی ۔ پہلا حصہ یعنی ڈویژن ون گولڈ لیگ کہلائے گا جس میں ریجنز اور ڈپارٹمنٹس کی چھ، چھ ٹیمیں کھیلیں گی۔ یعنی گزشتہ پریزیڈنٹس ٹرافی کی سرفہرست چھ ٹیمیں اور قائداعظم ٹرافی کے سرفہرست چھ ریجنز کی ٹیمیں۔

قائد اعظم ٹرافی کے ڈویژن ٹو کو سلور لیگ کا نام دیا گیا ہے ، جس میں گزشتہ پریزیڈنٹس ٹرافی کی 7 سے 11 نمبر تک آنے والی ڈپارٹمنٹس کی ٹیمیں، پیٹرنز ٹرافی گریڈ II کا فاتح ڈپارٹمنٹ اور گزشتہ قائد اعظم ٹرافی میں نچلے آٹھ نمبروں پر آنے والے ریجنز کی ٹیمیں شامل ہوں گی۔

ہر سال ڈویژن ون کی آخری دو ٹیمیں تنزلی کے بعد دوسرے ڈویژن میں پہنچ جائیں گی جبکہ ڈویژن ٹو کی سرفہرست دو ٹیمیں بالائی ڈویژن میں ترقی پائیں گی۔

2012ء میں متعارف کروائے گئے گزشتہ ڈھانچے کے تحت ڈپارٹمنٹس اور ریجنز قائد اعظم اور پریزیڈنٹ ٹرافی کے نام سے الگ الگ کھیلا کرتے تھے لیکن اب ایک مرتبہ پھر انہیں مشترکہ طور پر قائد اعظم ٹرافی کھیلنا پڑے گی۔ پی سی بی نے یہ نیا ڈھانچہ اگلے پانچ سالوں کے لیے مرتب کیا ہے، جس کے دوران تین سالوں کے بعد نظرثانی کی جاسکتی ہے۔

چار مہینوں تک جاری اس ٹورنامنٹ کے بیشتر مقابلے جنوبی علاقوں میں ہوں گے کیونکہ گزشتہ سال بھی کئی میچز بالائی علاقوں میں بارش، خراب موسم اور دھند کی وجہ سے دیگر شہروں کو منتقل کرنا پڑے تھے۔ پی سی بی نے خاص طور پر دسمبر اور جنوری میں ہونے والے تمام میچز کو جنوبی شہروں میں منتقل کردیا ہے۔

پاکستان کرکٹ کا ڈومیسٹک سیزن ستمبر سے اپریل تک جاری رہے گا جس میں ون ڈے پنٹاگولر کپ ستمبر کے مہینے میں ہوگاجبکہ فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی اکتوبر سے جنوری تک کھیلا جائے گا۔ ون ڈے پیٹرنز ٹرفی کے گولڈ اور سلور کپ جنوری و فروری میں ہوں گے جبکہ پریزیڈنٹس ٹرافی گریڈ II فروری و مارچ میں منعقد ہوگی۔ ملک کا سب سے مشہور ڈومیسٹک ٹورنامنٹ "قومی ٹی20 کپ" اپریل کے مہینے میں کھیلا جائے گا۔