کیریبیئن لیگ میں شعیب ملک اور ٹینو بیسٹ کا جھگڑا

2 1,070

بین الاقوامی کرکٹ میں تو کھلاڑی صبر کا دامن ہاتھ سے چھوڑ ہی رہے ہیں کھمبیوں کی طرح اگتی ہوئی لیگز میں تو وہ آپے سے ہی باہر ہو رہے ہیں۔ گزشتہ شب کیریبیئن پریمیئر لیگ میں پاکستان کے شعیب ملک اور ویسٹ انڈیز کے ٹینو بیسٹ کے درمیان ہونے والا جھگڑا اس کی ایک اور مثال ہے۔

بیسٹ پر 60 فیصد اور شعیب ملک پر 50 فیصد میچ فیس کا جرمانہ عائد کیا گیا (تصویر: Getty Images)
بیسٹ پر 60 فیصد اور شعیب ملک پر 50 فیصد میچ فیس کا جرمانہ عائد کیا گیا (تصویر: Getty Images)

واقعہ بدھ و جمعرات کی درمیانی شب کھیلے گئے مقابلے میں سینٹ لوشیا زوکس اور بارباڈوس ٹرائیڈنٹس کے میچ میں پیش آیا جہاں بیسٹ سینٹ لوشیا اور شعیب بارباڈوس کی نمائندگی کررہے تھے۔ بارباڈوس کی اننگز کے دوران جب ملک 49 رنز پر کھیل رہے تھے اور ٹیم صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 128 رنز کی بہترین پوزیشن میں تھی، اس وقت بیسٹ نے دو مسلسل چوکے کھانے کے بعد تیسری گیند پر شعیب کو بولڈ کردیا۔ وکٹ کے حصول پر روایتی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے بیسٹ نے شعیب پر گالیوں کی بوچھاڑ کردی۔ جس پر شعیب نے انہیں روکا اور کندھے پر ہاتھ رکھتے ہوئے زبانی کلامی کچھ حساب چکتا کیا۔ سینٹ لوشیا کے کئی کھلاڑیوں نے شعیب کو گھیرے میں لیا، جس پر وہ وضاحت کرتے ہوئے ڈریسنگ روم کی جانب روانہ ہوگئے لیکن اس واقعے نے میچ میں خاصی بدمزگی پیدا کی۔

لیگ انتظامیہ نے بعد ازاں دونوں کھلاڑیوں کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر طلب کیا اور دونوں ہی نے اپنی غلطی کا اعتراف کیا جس پر بیسٹ پر 60 فیصد اور شعیب پر 50 فیصد میچ فیس کا جرمانہ عائد کیا گیا۔ بیسٹ پر کھیل کی روح کے منافی حرکت کرنے اور اس کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے الزام پر 10 فیصد اور بیہودہ اشارہ کرنے یا دوسرے کھلاڑی کے خلاف نامناسب الفاظ ادا کرنے پر 50 فیصد جرمانہ لگایا گیا جبکہ شعیب ملک جان بوجھ کر دوسرے کھلاڑی کو چھونے کے جرم میں 50 فیصد میچ فیس سے محروم ہوئے۔

میچ بعد ازاں شعیب ملک کی ٹیم بارباڈوس ٹرائیڈنٹس نے باآسانی 29 رنز سے جیت لیا ۔ ذیل میں آپ اس واقعے کی وڈیو دیکھ سکتے ہیں۔