معین علی غزہ یا فلسطین کی حمایتی کلائی پٹیاں نہ پہنیں: آئی سی سی

19 1,088

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انگلش آل راؤنڈر معین علی کو ایجیس باؤل میں جاری تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوران غزہ اور فلسطین سے متعلق کلائی پٹیاں پہننے پر تنبیہ جاری کرتے ہوئے انہیں آئندہ ایسا کرنے سے روک دیا ہے۔

آئی سی سی نے معین علی کو دوران کھیل آئندہ ایسا نہ کرنے کا "مشورہ" دیا ہے (تصویر: رائٹرز)
آئی سی سی نے معین علی کو دوران کھیل آئندہ ایسا نہ کرنے کا "مشورہ" دیا ہے (تصویر: رائٹرز)

پاکستانی نژاد معین علی انگلستان اور بھارت کے درمیان جاری ٹیسٹ کے دوسرے روز بلے بازی اور بعد ازاں فیلڈنگ کے لیے میدان میں اترے تو ان کی کلائی پر سفید اور سیاہ رنگ کی دو کلائی پٹیاں واضح دیکھی جاسکتی تھیں جن پر "غزہ کو بچاؤ" (Save Gaza) اور "آزاد فلسطین" (Free Palestine) لکھا ہوا تھا۔

میچ ریفری ڈیوڈ بوم نے گزشتہ روز معین علی کی اس حرکت کا باضابطہ نوٹس لیتے ہوئے اس بابت تحقیقات کروائیں اور آج 27 سالہ کھلاڑی کو بتایا گیا ہے کہ ان کا عمل آئی سی سی کے اس قانون کے خلاف ہے جس میں کھلاڑیوں کو سیاسی، مذہبی یا لسانی تحریک سے متعلق پیغامات اپنے لباس سے منسلک کرنے یا انہیں پہننے کو ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ میچ ریفری نے معین علی کو بتایا کہ انہیں اظہار رائے کی مکمل آزادی حاصل ہے تاہم وہ میدان میں کھیل کے دوران ایسا نہیں کرسکتے لہٰذا آئندہ وہ ایسی حرکت کرنے سے اجتناب برتیں۔

البتہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے اس حوالے سے معین کے خلاف کسی بھی قسم کی کاروائی نہ کرتے ہوئے آل راؤنڈر کے اس عمل کو انسانی ہمدردی سے تعبیر کیا۔ یاد رہے کہ اسی روز انگلستانی ٹیم نے پہلی جنگ عظیم کی یاد میں ایک تنظیم "ہیلپ فار ہیروز" کا نشان اپنے کالرز پر لگا کر میچ کھیلا تھا اور اسی حوالے سے تمام ٹیم نے ایک منٹ کی خاموشی میں اختیار کی۔

سابق پاکستانی کرکٹر اظہر محمود نے اس بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم مختلف واقعات سے متعلق آگہی میں اضافے اور اظہار ہمدردی کے لیے کلائی پٹیاں اور ربنز پہنتے ہیں، یہاں تک کے جانوروں کے تحفظ کے لیے بھی یہ کیا جاتا ہے تو پھر انسانوں کے لیے ایسا کیوں نہیں کیا جاسکتا؟