جے وردھنے کو الوداعی سیریز نہیں جیتنے دیں گے: مصباح الحق

0 1,027

طویل آرام کے بعد بالآخر پاکستان ایک کڑے امتحان سے گزرنے سے کے لیے تیار ہے کیونکہ قومی کرکٹ ٹیم ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کھیلنے کے لیے سری لنکا پہنچ چکی ہے اور کپتان مصباح الحق کہتے ہیں کہ وہ ہر قیمت پر سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے، چاہے انہیں مہیلا جے وردھنے کی آخری ٹیسٹ سیریز کا جشن ہی کیوں نہ خراب کرنا پڑے۔

پاکستان کے خلاف مہیلا جے وردھنے کا ریکارڈ مایوس کن ہے، خاص طور پر ہوم گراؤنڈ پر تو وہ کبھی سنچری بھی نہیں بنا سکے (تصویر: AFP)
پاکستان کے خلاف مہیلا جے وردھنے کا ریکارڈ مایوس کن ہے، خاص طور پر ہوم گراؤنڈ پر تو وہ کبھی سنچری بھی نہیں بنا سکے (تصویر: AFP)

مہیلا جے وردھنے سے گزشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ وہ پاکستان کے خلاف سیریز کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے اور اپنی تمام توجہ ون ڈے کرکٹ پر مرکوز کردیں گے، جس کا ورلڈ کپ اگلے سال فروری اور مارچ میں آسٹریلیا و نیوزی لینڈ میں کھیلا جائے گا۔

مصباح الحق کو اس کا پورا اندازہ ہے کہ مہیلا جے وردھنے اور سری لنکا کے دیگر سینئر کھلاڑی پاکستان کی راہ میں کتنی بڑی رکاوٹ ہوں گے۔ اسی لیے ان کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان سری لنکا میں سیریز جیتنا چاہتا ہے تو اسے سری لنکا کے ٹاپ آرڈر، خاص طور پر مہیلا جے وردھنے ، کو رنز بنانے سے روکنا ہوگا۔ مصباح نے کہا کہ وہ جے وردھنے کی بہت عزت کرتے ہیں، انہوں نے بہت کامیابیاں حاصل کی ہیں، لیکن الوداعی سیریز میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے انہیں خاص ہدف بنایا جائے گا۔

پاکستا نی کپتان کا کہنا تھا کہ پاک-لنکا سیریز میں بہت سخت مقابلہ ہوگا کیونکہ سری لنکا کافی عرصے سے کرکٹ کھیلنے میں مصروف ہے جبکہ پاکستان کے کھلاڑی آف سیزن گزار رہے تھے۔ لیکن ہماری تیاری بہت اچھی رہی ہے اور ہمیں اپنے باؤلرز پر اعتماد ہے۔ سری لنکا کی وکٹوں پر ہمارے اسپنرز اچھی کارکردگی دکھاتے آئے ہیں اور وکٹیں حاصل کرنے کے لیے تیز باؤلرز پر بھی پورا انحصار کریں گے۔

37 سالہ مہیلا جے وردھنے نے 147 ٹیسٹ میچز پر مشتمل کیریئر میں پاکستان کے خلاف کل 27 ٹیسٹ کھیل رکھے ہیں، جن میں 32 کے معمولی اوسط کے ساتھ ان کے بنائے گئے رنز کی تعداد صرف 1544 ہے، جبکہ مہیلا کا کیریئر اوسط 50 سے زیادہ ہے۔ پھر سری لنکن سرزمین پر تو مہیلا کی پاکستان کے خلاف کارکردگی بہت ہی مایوس کن ہے۔ یہاں کھیلے گئے 11 پاک-لنکا میچز میں انہوں نے صرف 27.89 کے اوسط سے 530 رنز بنائے ہیں جن میں کوئی سنچری شامل نہیں۔ اگر سری لنکا کے میدانوں پر پاکستان کے خلاف کارکردگی کا یہ تسلسل جاری رہا تو مہیلا جے وردھنے کے لیے یہ سیریز کچھ خاص یادگار ثابت نہیں ہوگی۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی مختصر سیریز کا پہلا میچ 6 اگست سے گال میں کھیلا جائے گا۔