سپرمین یونس خان کا سری لنکا سے خدا واسطے کا بیر!

4 1,059

گال میں بادلوں میں گھرے آسمان تلے ٹاس جیتنے کے بعد مصباح الحق کے لیے سب سے مشکل فیصلہ یہ تھا کہ وہ بیٹنگ کریں یا باؤلنگ؟ ایک ایسی وکٹ پر ہدف کے تعاقب کو اختیار کرنا، جو ممکنہ طور پر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اسپنرز کے لیے بہت مددگار ثابت ہوگی، مصباح کے لیے بہت کٹھن تھا اور جی کڑا کرکے انہوں نے پہلے بیٹنگ ہی کا فیصلہ کیا۔ لیکن کچھ ہی دیر میں وہ خود کریز پر تھے۔ احمد شہزاد 4، خرم منظور 3 اور اظہر علی 30 رنز بنانے کے بعد جب پویلین میں منہ لٹکائے دکھائی دے رہے تھے تو اسکور بورڈ پر صرف 56 رنز کا مجموعہ تھا اور اننگز سنبھالنے کی ذمہ داری ایک مرتبہ پھر بزرگ محافظوں مصباح الحق اور یونس خان کے کاندھوں پر تھی۔ دونوں نے 100 رنز کی شراکت داری کے ذریعے پاکستان کو گال کی "دلدل" میں پھنسنے سے بچایا۔ مصباح تو 100 گیندوں پر 31 رنز کی مدافعانہ اننگز کھیل کر چلتے بنے لیکن یونس خان دن کے آخر تک ڈٹے رہے اور ثابت کیا کہ آخر کیوں تجربہ سب سے اہم ہوتا ہے اور تمام تر تنقید کے باوجود ان میں اب بھی بہت کرکٹ باقی ہے۔

یونس خان سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے پاکستانی بلے بازوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں (تصویر: AFP)
یونس خان سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے پاکستانی بلے بازوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں (تصویر: AFP)

133 رنز کی ایک شاندار ناقابل شکست اننگز کے دوران یونس خان نے دو اہم سنگ میل عبور کیے۔ ایک تو وہ سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے پاکستانی بیٹسمینوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پرآ گئے اور دوسرا، انہوں نے 7500 ٹیسٹ رنز کا سنگ میل عبور کیا اور محمد یوسف پر غالب آتے ہوئے جاوید میانداد اور انضمام الحق کے بعد سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی بیٹسمین بن گئے ہیں۔

سری لنکا کے خلاف یونس کی کارکردگی دیکھیں تو یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ انہیں سری لنکا سے خدا واسطے کا بیر ہے۔ انہوں نے اپنے 90 میں سے 25 ٹیسٹ سری لنکا کے خلاف کھیلے ہیں اور 53.91 کے شاندار اوسط کے ساتھ 1941 رنز بنا چکے ہیں۔ یہ سری لنکا کے خلاف کسی بھی پاکستانی بیٹسمین کے سب سے زیادہ رنز ہیں اور انہوں سری لنکا کے خلاف سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ توڑنے کے لیے صرف 54 مزید رنز کی ضرورت ہے۔ پھر 2009ء کے کراچی ٹیسٹ میں 313 رنز کی کیریئر کی بہترین اننگز بھی یونس خان نے سری لنکا ہی کے خلاف کھیلی تھی۔

سری لنکا کے خلاف یونس خان کی کارکردگی

مقابلے اننگز رنز بہترین اسکور اوسط سنچریاں نصف سنچریاں چوکے چھکے
یونس خان 25 40 1941 313 53.91 7 6 186 15

یونس کی یہ اننگز کتنی دیر مزید جاری رہتی ہے، یہ تو کل کے کھیل ہی سے معلوم ہوگا لیکن پاکستان کو سیریز کےپہلے ہی دن بالادست پوزیشن پر پہنچا کر انہوں نے جو اعتماد بخشا ہے، وہ سری لنکامیں شکستوں کے سلسلے کو توڑنے کے لیے پاکستان کے بہت کام آئے گا۔