ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ ٹیم کا اعلان، یونس اور عمر گل کی واپسی

1 1,035

ایک روزہ سیریز میں فتوحات کے جھنڈے گاڑنے کے بعد پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے بھی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔

اعلان کردہ دستے میں منجھے ہوئے بلے باز یونس خان اور تباہ کن گيند باز عمر گل کو واپس بلایا گیا ہے۔ دونوں کھلاڑیوں کو عالمی کپ 2011ء کے بعد آرام کا موقع دیا گیا تھا۔

ٹیسٹ سیریز کے لیے اعلان کردہ 16 رکنی دستے میں اظہر علی کو بھی طلب کیا گیا ہے جنہوں نے دورۂ انگلستان میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا جبکہ نوجوان کھلاڑی جنید خان اور حماد اعظم بھی دستے کا حصہ ہوں گے۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچز کے لیے ٹیم میں واپس بلائے گئے یونس خان اور عمر گل

ٹیم کی قیادت بدستور ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کے پاس رہے گی جبکہ گزشتہ ٹیسٹ سیریز میں وکٹ کیپر کی ذمہ داریاں نبھانے والے عدنان اکمل ٹیم میں شامل نہیں کیے گئے اور ان کی جگہ ویسٹ انڈیزکے خلاف ایک روزہ سیریز کھیلنے والے محمد سلمان ہی کھیلیں گے۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا معرکہ 12 سے 16 مئی کو پروویڈنس اسٹیڈیم، پروویڈنس، گیانا میں کھیلا جائے گا جبکہ 20 سے 24 مئی کو دونوں ٹیمیں وارنر پارک، باسیترے، سینٹ کٹس میں آخری معرکے میں برسر پیکار ہوں گی۔

پاکستان تباہ کن دورۂ انگلستان کے بعد مسلسل دو ٹیسٹ میچز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر چکا ہے۔ انگلستان میں اسپاٹ فکسنگ کے الزامات کی زد میں آنے اور اہم کھلاڑیوں سے محروم ہوجانے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم نے عالمی نمبر دو جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز برابر کھیلی اور اس کے بعد نیوزی لینڈ کو اس کی سرزمین پر زیر کیا۔

پاکستان کی حالیہ ٹیسٹ کارکردگی اور ویسٹ انڈیز کی ناقص فارم کو دیکھ کر اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ سیریز میں پاکستان کا پلڑہ بھاری رہے گا اور جیسی متوازن ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے اس سے اچھی توقعات وابستہ کی جا سکتی ہیں۔ مصباح الحق اور یونس خان جیسے تجربہ کار بلے بازوں کی صورت میں مڈل آرڈر بہت مضبوط ہوگا جبکہ توفیق عمر اور محمد حفیظ کی صورت میں اچھا اوپننگ پیئر بھی موجود ہے۔ لوئر مڈل آرڈر میں عمر اکمل اور اظہر علی اہم اضافہ ہوں گے جبکہ عمر گل، وہاب ریاض اور تنویر احمد پر مشتمل پیس مثلث ویسٹ انڈین بلے بازوں کے لیے پریشانی کا باعث بن سکتی ہے۔

شائقین اور ماہرین کرکٹ کی نظریں اکمل کی مسلسل ناقص کارکردگی کے بعد ٹیم میں شامل کیے گئے محمد سلمان پر ہوں گی جن سے وکٹ کیپنگ میں بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔ ویسے بھی انہوں نےابھی تک ایک روزہ سیریز میں مایوس نہیں کیے اور وکٹوں کے پیچھے بہت متحرک نظر آئے ہیں۔

اعلان کردہ پاکستانی دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

مصباح الحق (کپتان)، اسد شفیق، اظہر علی، تنویراحمد، توفیق عمر، جنید خان، حماد اعظم، سعید اجمل، عبد الرحمن، عمر اکمل، عمر گل، محمد حفیظ، محمد سلمان (وکٹ کیپر)، وہاب ریاض اور یونس خان۔