پاک-بھارت باہمی کرکٹ اگلے سال بحال ہوجائے گی: آئی سی سی کی تصدیق

2 1,022

بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان اور بھارت کے مابین باہمی ٹیسٹ سیریز کے لیے طویل انتظار کا خاتمہ ہوگیا ہے اور دونوں ممالک اگلے سال کے آخر میں مدمقابل آئیں گے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان آخری ٹیسٹ دسمبر 2007ء میں بنگلور میں کھیلا گیا تھا (تصویر: AFP)
پاکستان اور بھارت کے درمیان آخری ٹیسٹ دسمبر 2007ء میں بنگلور میں کھیلا گیا تھا (تصویر: AFP)

پاکستان اور بھارت کے درمیان آخری ٹیسٹ مقابلہ 2007ء میں کھیلا گیا تھا، جب پاکستان نے بھارت کا دورہ کیا تھا لیکن اس کے بعد ممبئی دہشت گرد حملوں نے دونوں ممالک کے تعلقات کو سخت کشیدہ بنا دیا، جس کے اثرات براہ راست کرکٹ پر مرتب ہوئے۔ گزشتہ ڈیڑھ دو سالوں میں تعلقات کی اس سردمہری میں کچھ کمی آئی ہے اور پاکستان نے 2012ء کے اواخر میں محدود اوورز کی ایک مختصر سیریز کھیلنے کے لیے بھارت کا دورہ کیا تھا البتہ ایک مکمل ٹیسٹ سیریز اب بھی ایک خواب تھا، جو اب دسمبر 2015ء میں تعبیر پا جائے گا۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے نئے فیوچر ٹورز پروگرام (ایف ٹی پی) کے مطابق بھارت دسمبر 2015ء میں پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں سیریز کھیلے گا۔ یہ سیریز دو ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل ہوگی۔ آئی سی سی چیئرمین این شری نواسن نے بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کو بتایا کہ "بھارت اور پاکستان کے درمیان سیریز کے دوبارہ آغاز کی ایک تجویز تھی اور جہاں تک بحیثیت چیئرمین مجھے معلوم ہے کہ دونوں ممالک نے ایک دوسرے سے جلد کھیلنے کے لیے معاہدہ کیا ہے۔ "

اخبار نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ دونوں ممالک نے نے آٹھ سالہ ایک منصوبہ تیار کیا ہے اور اس کو آگے بڑھانے کے لیے کام کررہا ہے۔

نئے ایف ٹی پی کے مطابق 2015ء کی سیریز کی میزبانی پاکستان کے پاس ہوگی لیکن ایک مرتبہ پھر ہوم سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی۔ 2009ء سے سری لنکا کی قومی کرکٹ ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد سے پاکستان پر بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہیں اور امن و امان کی صورتحال کو دیکھا جائے تو مستقبل قریب میں بھی کوئی ٹیم پاکستان آنے کو تیار نہیں دکھائی دیتی۔

نئے ایف ٹی پی کے مطابق پاکستان کا پہلا دورۂ بھارت نومبر-دسمبر 2017ء میں ہوگا جس میں تین ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی کھیلے جائیں گے۔ دونوں ٹیمیں اگلے آٹھ سالوں کے عرصے میں 12 ٹیسٹ میچز کھیلیں گی۔

بھارت کا دورۂ پاکستان (متحدہ عرب امارات): دسمبر 2015ء – 2 ٹیسٹ، 5 ون ڈے، 2 ٹی ٹوئنٹی

پاکستان کا دورۂ بھارت: نومبر-دسمبر 2017ء – 3 ٹیسٹ، 5 ون ڈے، 2 ٹی ٹوئنٹی

بھارت کا دورۂ پاکستان: دسمبر 2019ء : 2 ٹیسٹ، 5 ون ڈے، 2 ٹی ٹوئنٹی

پاکستان کا دورۂ بھارت: نومبر-دسمبر 2021ء – 3 ٹیسٹ، 5 ون ڈے، 3 ٹی ٹوئنٹی

بھارت کا دورۂ پاکستان: دسمبر 2022ء: 2 ٹیسٹ، 5 ون ڈے، 2 ٹی ٹوئنٹی