بورڈ کی تنبیہ، محسن خان کا مستعفی ہونے کا فیصلہ مؤخر

0 1,039

پاکستان کے چیف سلیکٹر محسن حسن خان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم کےانتخاب پر تنازع پیدا ہونے کے بعد استعفیٰ دینے کا ارادہ کر لیا تھا لیکن بدھ کو پریس کانفرنس سے کچھ پہلے فیصلے کو مؤخر کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام سے ملاقات کا ارادہ کر لیا ہے تاکہ 15 رکنی دستے کے انتخاب پر پیدا ہونے والے تنازعات کو حل کیا جاسکے۔

محسن حسن خان، سربراہ قومی سلیکشن کمیٹی

مذکورہ اعلان سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے جاری کردہ خبری اعلامیہ میں محسن حسن خان کو چیئرمین پی سی بی سے ملاقات کرنے اور معاملات کو حل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ تاہم محسن خان نے اپنی اہلیہ کی ناسازئ طبیعت کا بہانہ بنا کر ملنے سے انکار کر دیا۔ اسی اعلامیہ میں پی سی بی نے محسن خان کی مجوزہ پریس کانفرنس کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔

اس اعلامیہ کے اجراء کے بعد محسن خان نے پریس کانفرنس کا ارادہ ملتوی کرتے ہوئے چیئرمین اعجاز بٹ سے ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کرک نامہ کے ذرائع کے مطابق محسن حسن خان اور سلیکشن کمیٹی کے درمیان وکٹ کیپر کے انتخاب پر تنازع کھڑا ہوا ہے۔ محسن خان پاکستان کی گزشتہ ٹیسٹ سیریز میں عدنان اکمل کی متاثر کن کارکردگی کے باعث ان کی شمولیت کے خواہاں تھے جبکہ دیگر اراکین ویسٹ انڈیز میں پاکستان کی ایک روزہ ٹیم کے ساتھ موجود محمد سلمان کی کارکردگی سے مطمئن دکھائی دیے اور بالآخر اتفاق رائے سے فیصلہ سلمان کے حق میں ہوا۔

محسن خان نے تنازع کے سلسلے میں کراچی میں پریس کانفرنس طلب کی تھی، تمام صحافی اس میں شرکت کے لیے پہنچ گئے لیکن چیف سلیکٹر صاحب بورڈ کی جانب سے ایک فون کال پر واپس پلٹ گئے۔