بھارت کے خلاف ون ڈے سیريز، انگلستان نے دستے کا اعلان کردیا

1 1,002

بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار فتوحات حاصل کرنے کے بعد اب انگلستان کی نظریں ایک روزہ سیریز کے ذریعے عالمی کپ 2015ء کی تیاریوں پر مرکوز ہوگئی ہیں۔

ایسا محسوس ہوتا ہے کہ معین علی اور بین اسٹوکس جیسے آل راؤنڈرز نے انگلش ٹیم میں روی بوپارا کے راستے بند کردیے ہیں (تصویر: AP)
ایسا محسوس ہوتا ہے کہ معین علی اور بین اسٹوکس جیسے آل راؤنڈرز نے انگلش ٹیم میں روی بوپارا کے راستے بند کردیے ہیں (تصویر: AP)

چار مرتبہ عالمی کپ کی میزبانی کے باوجود کبھی ورلڈ چیمپئن نہ بن پانے والا انگلستان اس مرتبہ بھرپور تیاری کرکے اس روایت کا خاتمہ کرنا چاہتا ہے اور ان تیاریوں کا پہلا مرحلہ بھارت کے خلاف پانچ ون ڈے میچز کی سیریز ہے جو 25 اگست سے برسٹل میں شروع ہوگی۔

انگلستان نے سیریز کے لیے جس 15 رکنی دستے کا انتخاب کیا ہے اس میں اوپنر ایلکس ہیلز، آل راؤنڈرز معین علی اور بین اسٹوکس اور تیز گیندباز اسٹیون فن بھی شامل ہیں جبکہ روی بوپارا، ٹم بریسنن، مائیکل کاربیری اور اسٹورٹ براڈ ٹیم میں شامل نہیں۔

اسٹورٹ براڈ اپنے گھٹنے کے آپریشن کی وجہ سے ایک روزہ سیریز نہیں کھیل پائیں گے جبکہ بوپارا، بریسنن اور کاربیری کی کارکردگی کو اس قابل نہیں پایا گیا کہ وہ دستے میں جگہ بنا سکیں۔ ایلکس ہیلز انگلستان کے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا مستقل حصہ ہیں اور انہیں ڈومیسٹک کرکٹ میں حالیہ بہترین فارم کی بنیاد پر بھارت کے خلاف ون ڈے سیريز کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

تیز باؤلر اسٹیون فن کو اسٹورٹ براڈ کی عدم موجودگی سے خالی ہونے والے مقام پر لایا گیا ہے جو بین اسٹوکس، کرس جارڈن، ہیری گرنی اور کرس ووکس کے ساتھ تیز باؤلنگ میں جیمز اینڈرسن کا ساتھ دیں گے۔

بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی دکھانے والے معین علی ایک مرتبہ پھر ون ڈے ٹیم میں واپس آئے ہیں۔ سری لنکا کے خلاف گزشتہ سیریز میں انہيں شامل نہیں کیا گیا تھا جس میں انگلستان کو تین-دو سے شکست ہوئی تھی۔ دوسرے آل راؤنڈر بین اسٹوکس ہیں جو مسلسل 10 اننگز تک دہرے ہندسے میں پہنچنے میں ناکامی کے بعد انگلش دستے سے باہر کردیے گئے تھے البتہ بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے خاتمے کے بعد ون ڈے میں شامل کرلیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ 2011ء میں بھارت کے گزشتہ دورۂ انگلستان میں پانچ میں سے تین ایک روزہ مقابلے ہی فیصلہ کن ثابت ہوئے تھے اور تمام انگلستان نے جیتے تھے۔ یوں بھارت پورے دورے میں کوئی میچ نہیں جیت پایا اور خالی ہاتھ وطن لوٹا تھا۔

اعلان کردہ دستہ:
ایلسٹر کک (کپتان)، اسٹیون فن، ایلکس ہیلز، این بیل، ایون مورگن، بین اسٹوکس، جو روٹ، جوس بٹلر، جیمز اینڈرسن، جیمز ٹریڈویل، کرس جارڈن، کرس ووکس، گیری بیلنس، معین علی اور ہیری گرنی۔