[ریکارڈز] شاہد آفریدی: سب سے زیادہ ایک روزہ کھیلنے والا پاکستانی کھلاڑی

3 1,022

اپنی غیر مستقل مزاجی یا جارحانہ انداز کی وجہ سے آپ شاہد آفریدی کو "عظیم" کھلاڑی سمجھتے ہوں یا نہ سمجھتے ہو لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس کھلاڑی نے جو قومی و عالمی ریکارڈز بنائے ہیں، مستقبل قریب میں کوئی اور کھلاڑی انہیں توڑتا نہیں دکھائی دیتا۔ آج بھی شاہد آفریدی نے ایک ایسا ہی قومی ریکارڈ اپنے نام کیا ہے جس پر صرف "عظیم" کھلاڑیوں کا حق سمجھا جاتا ہے۔وہ سب سے زيادہ ایک روزہ مقابلے کھیلنے والےپاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔

مستقبل قریب میں کسی کھلاڑی کے لیے آفریدی کے بنائے گئے ریکارڈز تک پہنچنا ناممکن نہیں تو انتہائی مشکل ضرور ہوگا

سری لنکا کے خلاف ہمبنٹوٹا میں کھیلا جا رہا پہلا ون ڈے شاہد آفریدی کے کیریئر کا 379 واں ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ ہے۔ یوں وہ انضمام الحق کو پیچھے چھوڑ گئے ہیں جنہوں نے 378 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کی تھی۔

شاہد آفریدی نے 2 اکتوبر 1996ء کو کینیا کے خلاف اپنے ایک روزہ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور دو روز بعد سری لنکا کے خلاف دوسرے مقابلے میں اپنی پہلی ون ڈے اننگز کھیلتے ہوئے انہوں نے ایک روزہ کرکٹ کی تیز ترین سنچری کا عالمی ریکارڈ بنا ڈالا تھا اور اپنی پہلی ہی اننگز سے شہرت کی بلندیوں کو پہنچ گئے۔ آج 23 اگست 2014ءکو وہ ایک اور تاریخی سنگ میلعبور کرنے کے لیے میدان میں اترے تو ایک مرتبہ پھر ان کی حریف سری لنکا ہی کی ٹیم تھی۔

بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ ایک روزہ مقابلے کھیلنے کا ریکارڈ بھارت کے عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے جنہوں نے گزشتہ سال بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہا۔ سچن کے بعد فہرست میں سری لنکا کے دو کھلاڑی سنتھ جے سوریا اور مہیلا جے وردھنے بالترتیب موجود ہیں جن کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں شاہد آفریدی اور انضمام الحق کا نام آتا ہے۔ اگر شاہد آفریدی مستقبل مزاجی سے مزید دو سال ایک روزہ کرکٹ کھیلتے رہے تو کوئی بعید نہیں کہ وہ سچن کے ریکارڈ تک پہنچ جائیں جو اب ان سے صرف 84 مقابلوں کے فاصلے پر ہیں۔شاہد نے اپنے 379 میں سے 374 مقابلے پاکستان کی جانب سے کھیلے گئے جبکہ باقی میچز میں انہوں نے آئی سی سی ورلڈ الیون اور ایشیا الیون کی نمائندگی کی تھی، جن کے میچز کو ون ڈے انٹرنیشنل کا درجہ دیا گیا تھا۔

سب سے زیادہ ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے کھیلنے والے کھلاڑیوں کی فہرست

کھلاڑی ملک کیرئیر کا دورانیہ مقابلے
سچن ٹنڈولکر  بھارت 1989 تا 2012 463
سنتھ جے سوریا  سری لنکا 1989 تا 2012 445
مہیلا جے وردھنے سری لنکا 1998 تا 2014 * 421
شاہد آفریدی پاکستان 1996 تا 2014 * 379
انضمام الحق پاکستان 1991 تا 2007 378
کمار سنگاکارا سری لنکا 2000 تا 2014 * 378
رکی پونٹنگ آسٹریلیا 1995 تا 2012 375
وسیم اکرم پاکستان 1984 تا 2003 356
مرلی دھرن سری لنکا 1993 تا 2011 350
راہول ڈریوڈ بھارت 1996 تا 2011 344

* ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں اب بھی حصہ لے رہے ہیں۔

34 سالہ شاہد آفریدی اپنے طویل ایک روزہ کیریئر میں 6 سنچریوں اور 36 نصف سنچریوں کی مدد سے 7619 رنز بنا چکے ہیں جس میں ان کی بہترین اننگز 124 ہے جو انہوں نے ایشیا کپ 2010ء میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلی تھی۔ "بوم بوم" آفریدی کی باؤنڈریز کی بات کریں تو ہ اب تک 683 چوکے اور 333 چھکے لگا چکے ہیں اور یوں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ بھی رکھتے ہیں۔

شاہد آفریدی ایک روزہ طرز کرکٹ میں 30 مرتبہ مرد میدان قرار پائے اور یوں سب سے زیادہ مین آف دی میچ ایوارڈز حاصل کرنے والے پاکستانی کھلاڑی بھی ہیں۔ انہوں نے تین بار 18 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی جو ایک روزہ تاریخ کی دوسری تیز ترین نصف سنچری شمار ہوتی ہے۔

بطور گیند باز ایک روزہ کیرئیر شروع کرنے والے شاہد آفریدی نے مجموعی طور پر 378 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں جو وسیم اکرم اور وقار یونس کے بعد کسی بھی پاکستانی گیند باز کی سب سے زیادہ وکٹیں ہیں۔ آفریدی نے کیرئیر کی بہترین گیند بازی کا مظاہرہ گزشتہ سال ویسٹ انڈیز کے خلاف کیا جب انہوں نے صرف 12 رنز کے عوض 7 وکٹیں حاصل کیں۔ آفریدی 9 مرتبہ ایک ہی میچ میں 5 یا زائد وکٹیں اپنے نام کیں۔

ساتھی کھلاڑیوں میں "لالا" کے نام سے پکارے جانے والے آفریدی ایک روزہ طرز کرکٹ کے کچھ دلچسپ ریکارڈز بھی حاصل کرچکے ہیں جن میں سب سے زیادہ رنز کھانے والے باؤلر اور سب سے زیادہ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے والے پاکستانی بلے باز کا ریکارڈ بھی ہے۔