سہ فریقی سیریز کا آغاز، آسٹریلیا زمبابوے پر غالب

1 1,019

مچل مارش اور گلین میکس ویل کی دھواں دار بیٹنگ نے آسٹریلیا کو سہ فریقی سیریز کے زمبابوے کے خلاف 198 رنز کی زبردست فتح دلا دی۔

گلین میکس ویل نے صرف 46 گیندوں پر 93 رنز بنائے (تصویر: AFP)
گلین میکس ویل نے صرف 46 گیندوں پر 93 رنز بنائے (تصویر: AFP)

ہرارے میں ہونے والے ٹرائی اینگولر سیریز کے پہلے میچ میں گلین میکس ویل اور مچل مارش نے صرف 54 گیندوں پر 109 رنز بنائے اور آسٹریلیا کو 350 رنز کے بڑے مجموعے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ بدقسمتی سے دونوں بلے باز تہرے ہندسے کی اننگز تک نہ پہنچ پائے حالانکہ دونوں اس کے پورے پورے حقدار تھے۔ لیکن اس کے باوجود انہوں نے اپنے کیریئر کی بہترین اننگز کھیلیں اور اسی سے تحریک پاتے ہوئے آسٹریلیا آخری 10 اووورز میں 147 رنز لوٹنے میں کامیاب رہا اور زمبابوے کو 351 رنز کا ایسا ہدف دینے میں بھی، جو اس کے لیے ناممکنات میں سے تھا۔

زمبابوے نے سیریز کے پہلے مقابلے میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا کے اوپنرز آرون فنچ اور بریڈ ہیڈن نے سستی سے آغاز لیا اور 19 اوورز میں 98 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ ہیڈن 58 گیندوں پر 46 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ جس کےبعد فنچ مزید دھیمے ہوگئے۔ رنز کی رفتار بڑھانے کے لیے آسٹریلیا نے 29 ویں اوور ہی میں پاور پلے لے لیا لیکن یہاں فنچ کی وکٹ گرنے کی وجہ سے صرف 25 رنز ہی بڑھ پائے۔ فنچ 79 گیندوں پر 67 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ پراسپر اتسیا کے ایک شاندار کیچ نے آسٹریلیا کو کپتان جارج بیلی سے بھی محروم کردیا۔ اس وقت آسٹریلیا کا اسکور 178 رنز تھا اور 13 اوورز سے زیادہ کا کھیل ہی باقی بچا تھا۔

اس مرحلے پر جارح مزاج میکس ویل میدان میں آئے اور مارش کے ساتھ مل کر آسٹریلیا کی اننگز کو پر لگا دیے۔ آخری 10 اوورز کے آغاز سے قبل ہی آسٹریلیا 200 کا ہندسہ عبور کرچکا تھا اور پھر کوئی قوت دونوں کو رنز لوٹنے سے روکتی نہ دکھائی دی۔ ہرارے اسپورٹس کلب میں دونوں نے چھکے لگانے کی بھرپور مشقیں کیں اور کل 9 مرتبہ گیند کو میدان سے باہر کی راہ دکھائی۔

مچل مارش تیزی سے سنچری کی جانب بڑھتے دکھائی دے رہے تھے کہ 89 کے انفرادی اسکور پر لانگ آن کے فیلڈر کے ہاتھوں دھر لیے گئے۔ ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے ۔ کچھ ہی دیر بعد میکس ویل 93 رنز پر پہنچ کر ہمت ہار بیٹھے یوں دونوں بیٹسمین سنچری سے محروم رہ گئے۔ میکس ویل کی اننگز صرف 46 گیندوں پر کھیلی گئی جس میں 5 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔ آخر میں مچن جانسن کی 10 گیندوں پر 20 رنز کی اننگز نے آسٹریلیا کو 350 کےسنگ میل تک پہنچا دیا۔ میکس ویل کی اننگز کا واحد چھکا ہرارے اسپورٹس کلب کے کمنٹری بکس میں جاگھسا جس کے شیشوں کے ساتھ گیند پوری قوت سے ٹکرائی اور اسے توڑ دیا۔

زمبابوے کے تینوں اہم باؤلرز کا حال خاصا برار رہا۔ تناشی پنیانگرا نے 7 اوورز میں 68 رنز دیے جبکہ ٹینڈائی چتارا نے 9 میں 77 اور جان نیومبو نے 8 اوورز میں 64 رنز کھائے۔ وکٹیں صرف چتارا اور نیومبو کو ملیں جو بالترتیب دو اور ایک رہیں۔ ایک کھلاڑی کو شاں ولیمز نے بھی آؤٹ کیا جن کے 10 اوورمیں 59 رنز بنائے گئے۔

زمبابوے کے لیے 50 اوورز میں 351 رنز کا ہدف تقریباً ناممکنات میں سے تھا۔ ہملٹن ماساکازا کے 70 رنز کے علاوہ کوئی بلے باز ایسی قابل ذکر اننگز نہ کھیل سکا۔ انہوں نے سکندر رضا کے ساتھ دوسری وکٹ پر 63 رنز کی شراکت داری قائم کی لیکن اس کے علاوہ کوئی بیٹسمین آسٹریلیا کے باؤلرز کے سامنے نہ جم سکا۔ قیادت کے فرائض انجام دینے والے ایلٹن چگمبورا تو 11 گیندوں پر صفر کی ہزیمت لیے لوٹے اور پوری ٹیم چالیسویں اوور میں 152 رنز پر آؤٹ ہوکر مقابلہ 198 رنز کے بھاری بھرکم فرق سے ہار گئی۔

سہ فریقی سیریز میں زمبابوے اپنا اگلا مقابلہ 29 اگست کو اسی مقام پر جنوبی افریقہ کے کھیلے گا جبکہ آسٹریلیا پروٹیز ہی کے خلاف 27 تاریخ کو اہم مقابلہ کرے گا۔