[ریکارڈز] مصباح اور میتھیوز میں ایک قدر مشترک

3 1,010

ارے نہیں، نہیں ۔۔۔۔۔۔ ہم ہرگز مصباح الحق اور اینجلو میتھیوز کا تقابل نہیں کرنے جا رہے کیونکہ ان دونوں کا موازنہ ہو نہیں سکتا۔ کیسے؟ کیونکہ جب تک اینجلو میتھیوز کریز پر موجود رہتے ہیں، چاہے سری لنکا کی محض ایک وکٹ باقی کیوں نہ ہو، اس کے جیتنے کے امکانات باقی رہتے ہیں، جبکہ مصباح الحق کی موجودگی میں اگر پاکستان کی پانچ وکٹیں بھی رہ گئی ہوں اور درکار رن اوسط 6 رنز فی اوور ہی تب بھی، کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ بہرحال، مصباح الحق کو یہ انوکھا اعزاز حاصل ہے کہ وہ ایک روزہ کرکٹ میں بغیر سنچری کے سب سے زیادہ کیریئر رنز اور سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے والے بلے باز ہیں اور اس فہرست میں اینجلو میتھیوز بالکل انہی کے نقش قدم پر چلتے دکھائی دے رہے ہیں۔

مصباح کے دن تو گنے جاچکے، کیا اب اینجلو میتھیوز ان کی جگہ لیں گے؟ توقع ہے کہ تاریخ اتنی بے رحم نہ ہوگی (تصویر: AFP)
مصباح کے دن تو گنے جاچکے، کیا اب اینجلو میتھیوز ان کی جگہ لیں گے؟ توقع ہے کہ تاریخ اتنی بے رحم نہ ہوگی (تصویر: AFP)

پاکستان کے خلاف جاری سیریز کے ابتدائی دونوں مقابلوں میں اینجلو میتھیوز نے شاندار اننگز کھیلیں، لیکن بدقسمتی سے دونوں بار تہرے ہندسے میں داخل نہ ہو سکے۔ ہمبنٹوٹا میں ہونے پہلے مقابلے میں انہوں نے 85 گیندوں 89 رنز کی طوفانی باری کھیلی، جو بعد ازاں فاتحانہ ثابت نہ ہوسکی کیونکہ پاکستان صہیب مقصود اور فواد عالم کی ریکارڈ شراکت داری کی بدولت ناقابل یقین انداز میں جیت گیا البتہ اسی میدان پر ہونے والے دوسرے مقابلے میں میتھیوز کے 115 گیندوں پر بنائے گئے 93 رنز ضرور سری لنکا کے کام آئے۔ اس اننگز میں میتھیوز نے پہلی بار ایک روزہ کرکٹ میں نروس نائنٹیزکا مزا چکھا اور صرف 7 رنز کی کمی سے وہ اپنی پہلی ون ڈے سنچری سے محروم رہ گئے۔ اس اننگز کے ساتھ میتھیوز کی نصف سنچریوں کی تعداد 22 ہوگئی ہے۔ وہ بغیر سنچری کے سب سے زیادہ نصف سنچریاں اور سب سے زیادہ رنز بنانے والے سری لنکن بلے باز ہیں۔

بغیر سنچری کے سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے والے بلے باز

بلے باز ملک مقابلے رنز بہترین اننگز سنچریاں نصف سنچریاں
مصباح الحق  پاکستان 148 4576 96* 0 37
اینڈریو جونز  نیوزی لینڈ 87 2784 93 0 25
اینجلو میتھیوز  سری لنکا 132 3013 93 0 22
گراہم تھارپ  انگلستان 82 2380 89 0 21
کم ہیوز  آسٹریلیا 97 1968 98 0 17

اینجلو میتھیوز نے دوسرے ایک روزہ کے دوران ہی 3 ہزار رنز کا سنگ میل بھی عبور کیا اور اس کے ساتھ تاریخ کے محض پانچ بلے بازوں میں شامل ہوگئے جو بغیر سنچری کے 3 ہزار کیریئر رنز کا ہندسہ پار کرگئے ہوں۔ مزیدار بات یہ ہے کہ اس فہرست میں ابتدائی تینوں پوزیشنوں پر پاکستان کے بلے باز قابض ہیں۔ سرفہرست حسب توقع مصباح الحق ہیں جن کی رنز کی تعداد 4576 ہے جبکہ ان کے بعد پاکستان کے دو سابق کپتان وسیم اکرم 3717 رنز اور معین خان 3266 رنز کے ساتھ موجود ہیں۔ زمبابوے کے ایلٹن چگمبورا 3190 رنز کے ساتھ چوتھے جبکہ اینجلو میتھیوز فہرست میں تازہ اضافہ ہیں۔

بغیر سنچری کے سب سے زیادہ ایک روزہ رنز بنانے والے بلے باز

بلے باز ملک مقابلے رنز بہترین اننگز اوسط سنچریاں نصف سنچریاں
مصباح الحق  پاکستان 148 4576 96* 44.00 0 37
وسیم اکرم  پاکستان 356 3717 86 16.52 0 6
معین خان  پاکستان 219 3266 72* 23.00 0 12
ایلٹن چگمبورا  زمبابوے 161 3190 90 24.35 0 16
اینجلو میتھیوز  سری لنکا 132 3013 93 38.13 0 22

نہ چاہتے ہوئے بھی ان دونوں فہرستوں میں شامل ہونے کے باوجود اینجلو میتھیوز کا مقام جدید کرکٹ میں بالکل الگ ہے۔ ان کی کریز پر موجودگی ٹیم کی فتح کی ضامن ہوتی ہے اور انہیں ایک روزہ کرکٹ میں چند ایسی اننگز بھی کھیلی ہیں جنہیں بلاشبہ ایک روزہ کرکٹ کی بہترین باریوں میں شمار کیا جاسکتا ہے۔ جیسا کہ نومبر 2010ء میں آسٹریلیا کے خلاف ملبورن میں بنائے گئے ناقابل شکست 77 رنز۔ جس میں انہوں نے 240 رنز کے تعاقب میں 107 رنز پر 8 وکٹیں گرنے کے بعد لاستھ مالنگا کے ساتھ مل کر سری لنکا کو فتح دلوائی تھی۔

اس لیے ہمیں پورا یقین ہے کہ تاریخ اتنی بے رحم نہیں ہوگی کہ 27 سالہ بلے باز کو مستقبل میں کوئی سنچری نہ بنانے دے۔ 40 سالہ مصباح کے دن تو گنے جاچکے لیکن اینجلو میتھیوز آنے والے دنوں میں کئی اچھے ریکارڈز ضرور اپنے نام کریں گے۔