پاک-آسٹریلیا سیریز: مائیکل کلارک کے باہر ہونے کا خطرہ

سری لنکا کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد اب عالمی کپ کے لیے پاکستان کی تیاریوں کا تمام تر دارومدار آسٹریلیا کے خلاف سیریز پر ہے جو اس وقت ٹیسٹ اور ایک روزہ دونوں طرز کی کرکٹ میں دنیا کی سرفہرست ٹیموں میں سے ایک ہے۔ رکی پونٹنگ کے آخری ایام میں پے در پے شکستوں اور تمام عالمی اعزازات چھن جانے کے بعد آسٹریلیا کو اس مقام تک واپس لانے میں مرکزی کردار کپتان مائیکل کلارک کا ہے جن کا خواب ہے کہ وہ آسٹریلیا کو چھینا ہوا عالمی اعزاز دوبارہ واپس دلائیں لیکن اس اہم ٹورنامنٹ کی تیاریوں کے لیے پاکستان کے خلاف اہم سیریز سے قبل کلارک زخمی ہوگئے ہیں اور ہوسکتا ہے کہ وہ پاک-آسٹریلیا سیریز سے باہر ہوجائیں۔

مائیکل کلارک سہ فریقی سیریز کھیلنے کے لیے زمبابوے آمد کے ساتھ ہی بائیں ران کے پٹھے میں تکلیف سے دوچار ہوگئے تھے جس کی وجہ سے انہیں ٹورنامنٹ کے ابتدائی دو مقابلوں میں آرام کا موقع دیا گیا لیکن جیسے ہی زمبابوے کے خلاف ہونے والے مقابلے سے وہ واپس آئے، تکلیف کی شدت میں اضافہ ہوگیا اور انہیں ریٹائرڈ ہرٹ ہوکر مقابلے سے باہر ہونا پڑا۔ ان کے 68 رنز کے باوجود آسٹریلیا کو زمبابوے کے ہاتھوں تاریخی شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اس کے ساتھ ہی کلارک کو وطن بھی واپس بھیج دیا گیا جہاں ابتدائی جانچ کے بعد انہیں آرام کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ بحالی کے اس عمل کے دوران آسٹریلیا کا طبی عملہ ان پر نظر رکھے گا اور کچھ دنوں بعد ہی واضح ہوپائے گا کہ انہیں دوبارہ کھیلنے میں کتنا وقت لگے گا۔
پاک-آسٹریلیا سیریز کا آغاز 5 اکتوبر کو دبئی میں پہلے ٹی ٹوئںٹی سے ہو رہا ہے جبکہ ایک روزہ مقابلوں کا آغاز 7 اکتوبر اور دو ٹیسٹ مقابلوں کی سیریز کا آغاز 22 اکتوبر سے ہوگا۔
کرکٹ آسٹریلیا کے فزیو ایلکس کونٹورس نے کہا کہ ایم آر آئی اسکین سے ران کا پٹھا زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ اب کلارک کی نگرانی کی جائے گی اور ان کی صحت یابی کے حوالے سے آئندہ ہفتے ہی کچھ کہا جا سکے گا۔
اگر مائیکل کلارک آئندہ سیریز سے باہر ہوگئے تو یہ پاکستان کے لیے سکھ کا سانس ثابت ہوگا جو دورۂ سری لنکا کے بعد ویسے ہی دباؤ میں ہے۔