زمبابوے چت، جنوبی افریقہ فائنل میں
زمبابوے میں جاری سہ فریقی سیریز کے دوران آسٹریلیا کے خلاف 106 اور 126 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد فف دو پلیسی نے زمبابوے کے خلاف اہم مقابلے میں بھی 121 رنز بنا کر جنوبی افریقہ کو فائنل میں پہنچا دیا۔ آسٹریلیا گزشتہ مقابلے میں جنوبی افریقہ کو شکست دے کر پہلے ہی فائنل میں جگہ پاچکا تھا، اس لیے جنوبی افریقہ اور زمبابوے دونوں کے لیے یہ مقابلہ سیمی فائنل کی حیثیت رکھتا تھا۔ گو کہ زمبابوے کی حالت زیادہ نازک تھی کیونکہ اسے مقابلہ بونس پوائنٹ کے ساتھ اور اتنے واضح فرق سے جیتنا تھا کہ اس کا نیٹ رن ریٹ جنوبی افریقہ سے بہتر ہوجائے۔ ایسا کم از کم جنوبی افریقہ کی بیٹنگ کے بعد تو ناممکنات میں سے تھا اور بالآخر جنوبی افریقہ کی 63 رنز سے جیت نے اس پر مہر تصدیق بھی ثبت کردی۔
ہرارے میں ہونے والے مقابلے میں زمبابوے کے کپتان ایلٹن چگمبورا نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا اور صرف 26 کے مجموعے تک ہاشم آملہ اور کوئنٹن ڈی کوک کی قیمتی وکٹیں حاصل کرکے سنسنی پھیلا دی۔ مڈل آرڈر میں ریلی روسو کی صورت میں کمزور کڑی بھی موجود تھی البتہ انہوں نے تیسری وکٹ پر فف کے ساتھ 70رنز کی شراکت داری کے ذریعے کسی حد تک گزشت کارکردگی کا ازالہ کردیا۔ جنوبی افریقہ کو ابراہم ڈي ولیئر زکے رن آؤٹ سے بہت سخت دھچکا پہنچا جو اس وقت آؤٹ ہوئے جب 28 ویں اوور میں اسکور 120رنز تھا۔ چوتھی وکٹ گرنے کے بعد اب بڑے مجموعے تک پہنچنے کی امیدیں فف دو پلیسی اور ژاں-پال دومنی کی جوڑی سے وابستہ ہوگئیں۔ جنہوں نے بالکل بھی مایوس نہیں کیا۔ پانچویں وکٹ پر دونوں بلے بازوں نے 103 رنز جوڑ کر مقابلے کو زمبابوے کی پہنچ سے کہیں باہر کردیا۔ آخری پانچ اوورز میں جنوبی افریقہ نے فف کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت 61 رنز لوٹے اور مجموعے کو 271 رنز تک پہنچا دیا۔ فف 140 گیندوں پر 121رنز بنانے کے بعد 48 ویں اوور میں آؤٹ ہوئے جبکہ دومنی 51 رنز کے ساتھ دوسرے قابل ذکر بلے باز رہے۔
زمبابوے کو بونس پوائنٹ حاصل کرنے اور اپنے رن ریٹ کو بہتر بنانے کے لیے 272 رنز کا ہدف 25.2 اوورز میں حاصل کرنا تھا جو ایسی ٹیم کے لیے تقریباً ناممکنات میں سے تھے جو گزشتہ پانچ ایک روزہ مقابلوں میں صرف ایک بار 200 کا ہندسہ عبور کرپائی ہو۔
بہرحال، زمبابوے نے توقعات کے عین مطابق ہی کارکردگی دکھائی۔ البتہ خوش آئندہ بات یہ رہی کہ برینڈن ٹیلر بڑے عرصے بعد نصف سنچری بنانے میں کامیاب رہے لیکن ان کے علاوہ کوئی بلے باز 29 رنز سے آگے نہیں بڑھ پایا اور ٹیم 48 ویں اوور میں 208 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ ٹیلر کی اننگز 96 گیندوں پر مشتمل تھی جس میں 2 چھکے اور 5 چوکے بھی شامل تھے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے دومنی سب سے کامیاب گیندباز رہے جنہوں نے 35 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
فف کو شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اب سہ فریقی سیریز کا فائنل 6 ستمبر کو آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے مابین کھیلا جائے گا، توقعات کے عین مطابق!