کرکٹ سعید اجمل جیسے گیندباز پر پابندی کا متحمل نہیں ہوسکتا: بایومکینیکل ماہر

0 1,008

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے پاکستان کے آف اسپنر سعید اجمل پر عائد پابندی سے صرف کھلاڑی ہی نہیں بلکہ شعبہ انسانی حرکیات (ہیومن موومنٹ) کے ماہر تک افسردہ ہیں۔ یونیورسٹی آف ویسٹرن آسٹریلیا کے مشہور بایومکینیکل ماہر ڈیرل فوسٹر کہتے ہیں کہ سعید اجمل جیسے پائے کے باؤلر پر پابندی کھیل کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔

تیز باؤلرز سے پوچھنے والا کوئی نہیں حالانکہ ان کا ناقص ایکشن بلے بازوں کے لیے سراسر خطرہ ہے: ڈیرل فوسٹر (تصویر: AFP)
تیز باؤلرز سے پوچھنے والا کوئی نہیں حالانکہ ان کا ناقص ایکشن بلے بازوں کے لیے سراسر خطرہ ہے: ڈیرل فوسٹر (تصویر: AFP)

فوسٹر 1995ء میں مرلی دھرن تنازع سامنے آنے کے بعد سے اب تک کئی باؤلرز کے باؤلنگ ایکشن پر کام کرچکے ہیں، جن میں مرلی دھرن اور شعیب اختر جیسے نام بھی شامل ہیں۔ کرکٹ آسٹریلیا کی ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئےڈیرل فوسٹر نے کہا کہ موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے مجھے اجمل پر پابندی لگنے پر حیرت تو نہیں ہوئی لیکن آئی سی سی کے کریک ڈاؤن نے بہت بڑا شکار کرلیا ہے اور اجمل جیسے معیاری باؤلرز کی عدم موجودگی میں کھیل کا معیار متاثر ہوگا۔ فوسٹر نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ہم دنیا کے بہترین اسپن باؤلرز کھوتے جا رہے ہیں لیکن اگر یہ قانون کا تقاضہ ہے تو پھر باؤلرز کو بھی قانون کے دائرے میں رہنا ہوگا۔

گزشتہ ماہ جب پاک-لنکا گال ٹیسٹ کے بعد سعید اجمل کا باؤلنگ ایکشن رپورٹ ہوا تھا، تب فوسٹر نے کہا تھا کہ آئی سی سی انتہائی نامناسب انداز میں صرف آف اسپنرز کو نشانہ بنا رہا ہے۔اس لیے کیونکہ دو ماہ کے عرصے میں سعید اجمل سے پہلے سری لنکا کے سچیتھرا سینانائیکے اور نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن بھی پابندی کا نشانہ بن چکے ہیں۔ فوسٹر کا کہنا ہے کہ ناقص باؤلنگ ایکشن کے حامل تیز گیند بازوں کو پوچھنے والا کوئی نہیں حالانکہ وہ بلے بازوں کے لیے سراسر خطرہ ہیں۔ اجمل زبردست صلاحیتوں کا حامل باؤلر ہے اور ان کو معطل کیا جانا بہت افسوسناک ہے، میرا نہیں خیال کہ ہم اس جیسے باصلاحیت باؤلر کا کھونا برداشت کرسکتے ہیں۔

اس وقت عالمی درجہ بندی میں سرفہرست ون ڈے باؤلر سعید اجمل گزشتہ روز آئی سی سی کے اعلان کے بعد اب کیریئر کے مشکل ترین مرحلے سے گزر رہے ہیں۔ یہ بھی خدشہ ہے کہ اگلے ماہ اپنی 37 ویں سالگرہ منانے والے سعید کا بین الاقوامی کیریئر ہی ختم ہوجائے۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے رواں سال جون کے مہینے میں سفارشات مرتب کی تھیں جن میں ناقص باؤلنگ ایکشن کے حوالے سے سخت اقدامات اٹھانے کی تجاویز دی گئی تھیں جس کے بعد سے اب تک آئی سی سی نصف درجن سے زائد گیندبازوں کو دھر چکا ہے جن میں سے تقریباً سارے آف اسپن باؤلرز ہیں۔ یہاں تک کہ کل سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کو غیر قانونی قرار دے کر انہیں گیندبازی سے روک دیا گیا ہے۔