نئی عالمی درجہ بندی، سعید اجمل تیسرے بہترین باؤلر بن گئے

0 1,033

پاکستان کے اسپنر سعید اجمل بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جاری کردہ تازہ ترین درجہ بندی میں ایک روزہ کرکٹ کے سرفہرست باؤلرز میں آ گئے ہیں۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 5 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں کے مکمل ہونے کے بعد جمعے کو جاری ہونے والی آئی سی سی کی تازہ ترین درجہ بندی میں سعید اجمل اپنے کیریئر کی بہترین یعنی تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔

سعید اجمل کیریئر میں پہلی مرتبہ تیسری پوزیشن تک پہنچے ہیں

فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ اسپنر نے اس سیریز میں 6 وکٹیں حاصل کیں اور 16 درجے ترقی پا کر تیسرے درجے پر پہنچ گئے ہیں۔ وہ دوسری پوزیشن پر براجمان زمبابوے کے رے پرائس سے محض 5 پوائنٹس کے فاصلے پر ہیں۔

سعید اجمل کی اس ترقی کے نتیجے میں ایک روزہ کرکٹ کی باؤلرز کی درجہ بندی میں اولین چاروں پوزیشنیں اسپنرز کے ہاتھ آ گئی ہیں۔ نیوزی لینڈ کے ڈینیل ویٹوری 701 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلی پوزیشن پر قابض ہیں جبکہ زمبابوے کے رے پرائس 678 کے ساتھ دوسرے اور گریم سوان 567 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔ سعید اجمل کے پوائنٹس کی تعداد 673 ہے۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف مقابلوں میں ناقص کارکردگی کے باعث پاکستان کے کپتان شاہد آفریدی 10 سرفہرست کھلاڑیوں کی فہرست سے باہر ہو گئے ہیں۔ پانچ میچز میں محض 2 وکٹیں ملنے کے بعد وہ 5 درجہ تنزلی کے ساتھ 14 ویں نمبر پر ہیں۔

پاکستان کے محمد حفیظ، مصباح الحق اور ویسٹ انڈیز کے روی رامپال، دیوندر بشو اور لینڈل سیمنز کی اچھی کارکردگی انہیں بلے بازوں اور گیند بازوں کی فہرست میں اپنی پوزیشنوں کو بہتر بنانے میں مدد دی ہے تاہم کوئی بھی کھلاڑی سرفہرست دس پوزیشنوں میں سے کسی تک نہیں پہنچ پایا۔

البتہ پاکستان کے محمد حفیظ اپنی آل راؤنڈ کارکردگی کے باعث آل راؤنڈرز کی عالمی درجہ بندی میں چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں۔ انہوں نے سیریز میں 267 رنز بنائے اور چھ وکٹیں بھی حاصل کیں۔

گو کہ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز 3-2 سے جیتی لیکن عالمی درجہ بندی میں خود سے کمتر ٹیم سے دو میچز ہارنے کے باعث پاکستان کے 3 پوائنٹس کم ہو گئے ہیں۔ اب اس کے اور انگلستان کے درمیان 5 پوائنٹس کا فاصلہ ہو گیا ہے جو سیریز سے قبل صرف دو پوائنٹس کا تھا۔ دوسری جانب سیریز ہارنے کے باوجود ویسٹ انڈیز کو 4 ریٹنگ پوائنٹس ملے ہیں۔

پاکستان ایک روزہ کرکٹ میں اپنے اگلے دو میچز 28 اور 30 مئی کو بیلفاسٹ میں آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گا جبکہ ویسٹ انڈیز ماہ جون میں ہوم گراؤنڈ پر عالمی چیمپین بھارت کا سامنا کرے گا۔

ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ – 10 بہترین بلے باز
شمار کھلاڑی ملک ریٹنگ
1 ہاشم آملہ جنوبی افریقہ 867
2 اے بی ڈی ولیئرز جنوبی افریقہ 804
3 تلکارتنے دلشان سری لنکا 761
4 شین واٹسن آسٹریلیا 758
5 کمار سنگاکارا سری لنکا 753
6 مائیکل ہسی آسٹریلیا 748
7 جوناتھن ٹراٹ انگلستان 737
8 ویرات کوہلی بھارت 733
9 مہندر سنگھ دھونی بھارت 729
10 سچن ٹنڈولکر بھارت 712

 

ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ – 10 بہترین گیندباز

شمار کھلاڑی ملک ریٹنگ
1 ڈینیل ویٹوری نیوزی لینڈ 701
2 رے پرائس زمبابوے 678
3 سعید اجمل پاکستان 673
4 گریم سوان انگلستان 667
5 ڈیل اسٹین جنوبی افریقہ 663
6 مورنی مورکل جنوبی افریقہ 661
7 مچل جانسن آسٹریلیا 654
8 لونوابو سوٹسوبے جنوبی افریقہ 652
9 اجنتھا مینڈس سری لنکا 644
10 نووان کولاسیکرا سری لنکا 642