سعید اجمل پر پابندی، دیرینہ مخالفین بغلیں بجانے لگے
بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے سعید اجمل پر پابندی کیا لگائی گویا مخالفین کی مرادیں بر آئیں۔ نیوزی لینڈ کے مارٹن کرو کے علانیہ اظہار خوشی سے لے کر مائیکل وان کی خاموش طمانیت تک ایک بہت بڑا حلقہ ایسا ہے جو آئی سی سی کے غیر اعلانیہ کریک ڈاؤن کا حامی ہے۔ جن میں بلاشبہ سب سے آگے بھارت کے بشن سنگھ بیدی کو ہونا چاہیے جو عرصہ دراز سے مرلی دھرن سمیت تمام اسپن باؤلرز کے خلاف محاذ کھولے بیٹھے تھے۔ شاید ان کے دل کے نہاں خانے میں یہ خواہش موجود ہے کہ دنیا بشن سنگھ بیدی کو تاریخ کا سب سے بڑا اسپنر سمجھے، بہرحال دلوں کا بھید تو ہم نہیں جانتے لیکن بیدی مخالفت میں جس حد تک جاتے ہیں، اس سے کوئی بھی باشعور آدمی ان کی حمایت نہیں کرسکتا۔
اب جبکہ سعید اجمل کی صورت میں ان کا ایک اور "دشمن" خاک چاٹ رہا ہے، بیدی صاحب ایک مرتبہ پھر بول رہے ہیں اور خوب بڑھ چڑھ کر بول رہے ہیں۔ نہ صرف سعید اجمل بلکہ بین الاقوامی کرکٹ کونسل کو بھی نہیں بخش رہے اور کہتے ہیں کہ آئی سی سی نے یہ قدم بہت دیر سے اٹھایا ہے اور اب بھی اس کا کردار سخت نہیں ہے بلکہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ کرکٹ کونسل کے بجائے باؤلرز کی اصلاح کرنے کا ادارہ ہے۔ "سعید اجمل جیسے اسپنرز کو ناجائز رعایتیں دی جاتی ہیں، انہیں غیر قانونی گیندیں پھینکنے کی اجازت ہوتی ہے۔ مجھے یہ بتائیں کہ ایسے باؤلرز کا لیبارٹری میں ایکشن درست کروانے کی کیا تُک ہے؟ کیا آئی سی سی اصلاح کرنے والا ادارہ ہے؟ حقیقت یہ ہےکہ بٹّا پھینکنے والا کبھی نہیں سدھر سکتا۔"
سابق بھارتی کپتان نے کہا کہ سعید اجمل پر بالآخر پابندی تو لگنا ہی تھی لیکن یہ فیصلہ بہت تاخیر سے اور بہت زیادہ نقصان ہونے کے بعد کیا گیا ہے۔ کیونکہ اجمل بین الاقوامی سطح پر بہت وکٹيں سمیٹ چکا ہے۔ آخر آئی سی سی اب تک کر کیا رہا تھا؟ جن بلے بازوں نے سعید اجمل کے ہاتھوں وکٹیں گنوائیں اور وہ تمام مقابلے جہاں اجمل کی باؤلنگ کی وجہ سے ٹیموں کو شکست ہوئی، کیا اب وہ کہہ سکتے ہیں کہ ہمارے ساتھ بے ایمانی کی گئی؟ اگر نہیں تو ایسے باؤلرز کو بحال کرنے کی کوششوں کی آخر کیا ضرورت ہے؟"
بشن سنگھ نے ایک مرتبہ پھر کہا کہ بٹّا گیندیں پھینکنے کے معاملے پر میدان میں موجود امپائر کو بااختیار بنایا جائے، کم از کم میدان عمل میں ایک طاقت تو ایسی موجود ہو جو باؤلر کو ایسی حرکتیں کرنے سے روکے۔
یاد رہے کہ بیدی ماضی میں مرلی دھرن کے سخت ترین ناقد رہے ہیں، اور انہیں سرے سے باؤلر ہی تسلیم نہیں کرتے۔ مرلی دھرن کا بنایا گیا ہر ہر ریکارڈ گویا کوڑے کی طرح بشن سنگھ بیدی پر پڑتا رہا اور اب بھی وہ یہی کہہ رہے ہیں کہ اب اجمل بھی مرلی کی طرح بہانے بنا رہا ہے کہ اس کی کہنی میں قدرتی مسئلہ ہے۔
اگر کسی نہ کسی طرح سعید اجمل اپنا باؤلنگ ایکشن درست کرکے بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آ گئے، تو آپ تصور کیجیے بیدی صاحب کا کیا حال ہونے والا ہے۔