دفاعی چیمپئن ممبئی باہر، ناردرن نائٹس اور لاہور اگلے مرحلے میں
دفاعی چیمپئن ممبئی انڈینز کوالیفائنگ مرحلے ہی میں دو اہم مقابلوں میں شکست کھا کر اعزاز کی دوڑ سے باہر ہوگیا جبکہ نیوزی لینڈ کے چیمپئن ناردرن ڈسٹرکٹس نائٹس 6 وکٹوں کی شاندار جیت کے ذریعے پاکستان کے لاہور لائنز کو بھی اپنے ساتھ مرکزی مرحلے تک لے گئے ہیں۔
سی ایل ٹی20 کے کوالیفائنگ مرحلے کا آخری مقابلہ نائٹس اور انڈینز دونوں کے لیے تو اہمیت کا حامل تھا ہی لیکن ساتھ ساتھ لاہور کی توقعات بھی اسی مقابلے سے جڑی ہوئی تھیں۔ نائٹس جیتنے کی صورت میں نہ صرف خود بلکہ لاہور کو بھی اگلے مرحلے تک لے جاتے جبکہ نائٹس کی شکست لاہور کے لیے واپسی کا پروانہ ثابت ہوتی۔ لیکن نائٹس نے آج ثابت کیا کہ لاہور کے خلاف ان کی جامع کارکردگی محض اتفاق نہیں بلکہ وہ ممبئی کے مقابلے میں بھی ویسی ہی کارکردگی دہرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور آج باؤلنگ، فیلڈنگ اور بیٹنگ تینوں میں انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اگلے مرحلے کے لیے بھی خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ لاہور، جنہوں نے آج ہی سدرن ایکسپریس کے خلاف کھیلا گیا اپنا مقابلہ واضح مارجن سے جیتا تھا، کی محنت رائیگاں نہیں گئی اور یوں پہلی بار پاکستان سے تعلق رکھنے والی کوئی ٹیم چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی کے مرکزی مرحلے تک پہنچی ہے۔
اب نائٹس اگلے مرحلے میں کنگز الیون پنجاب،ہوبارٹ ہریکینز، کیپ کوبراز اور بارباڈوس ٹرائیڈنٹس کے ساتھ گروپ "بی" میں ہوں گے جبکہ شیرانِ لاہور کا مقابلہ گروپ "اے" میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز، چنئی سپر کنگز، پرتھ اسکارچرز اور ڈولفنز کے ساتھ ہوگا۔
کوالیفائنگ مرحلے کے فیصلہ کن و اہم ترین مقابلے میں ممبئی کی اننگز کے ابتدائی نصف حصے ہی میں حقیقی فاتح کا اندازہ ہوگیا تھا کیونکہ صرف 46 رنز پر ممبئی کے 5 بلے باز آؤٹ ہو چکے تھے۔ ٹم ساؤتھی، ٹرینٹ بولٹ اور اسکاٹ اسٹائرس پر مشتمل باؤلنگ اٹیک کے سامنے بڑے بڑے ناموں کی ایک نہ چلی۔ سب سے پہلے مائیکل ہسی مڈ آن پر کیچ تھما کر چلتے بنے۔ پھر اسٹائرس نے اپنے مسلسل تین اوورز میں تین وکٹیں ٹھکانے لگائیں۔ پہلے جلاج سکسینا دہرے ہندسے میں پہنچتے ہی دھر لیا۔ اس کے بعد ضرورت سے زیادہ جگہ لینے کی کوشش میں توازن کھو بیٹھنے والے لینڈل سیمنز کی وکٹیں کھڑکائیں اور پھر دسویں اوور میں وکٹ کیپر آدتیہ تارے کو وکٹ کیپر کر ہاتھوں کیچ کروا دیا۔ رہی سہی کسر ٹرینٹ بولٹ نے امباتی رایوڈو کو آؤٹ کرکے پوری کردی۔ انڈینز گیارہویں اوور ہی میں آدھی ٹیم سے محروم ہوگئے تھے۔ اس مرحلے پر کپتان کیرون پولارڈ نے کچھ ہمت دکھائی۔ ان کی 24 گیندوں پر 31 رنز کی اننگز گو کہ کافی نہیں تھی لیکن پھر بھی ٹیم کو تہرے ہندسے کے کافی قریب لے آئی۔ آخری تین اوورز میں شریاس گوپال کے 12 گیندوں پر 24 اور لاستھ مالنگا کے 8 گیندوں پر 20 نے اسکور میں 43 رنز کا اضافہ کیا اور مجموعے کو 132 رنز تک پہنچا دیا۔
نائٹس کی جانب سے ٹم ساؤتھی اور اسکاٹ اسٹائرس نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک، ایک کھلاڑی کو بولٹ اور اسکاٹ کوگولین نے آؤٹ کیا۔
محض 133 رنز کے ہدف کا تعاقب نائٹس کے لیے آسان ترین ہوگیا جب اوپنرز انتون ڈیوکچ اور کین ولیم سن نے 83 رنز کا شاندار آغاز فراہم کردیا۔ دونوں نے ایک لمحے کے لیے بھی ممبئی کے گیندبازوں کو خود پر حاوی نہ ہونے دیا یہاں تک کہ دسویں اوور میں ہربھجن سنگھ کے ہاتھوں ڈیوکچ کی وکٹ گرنے سے اس شراکت داری کا خاتمہ ہوا، جس میں دونوں اوپنرز کا برابر کا یعنی 39، 39 رنز کا حصہ تھا۔ جب نائٹس تہرے ہندسے میں پہنچ چکے اور جیت قریب نظر آنے لگی، اس وقت ممبئی انڈینز کے باؤلرز نے تین وکٹیں حاصل کرلی لیکن کافی دیر ہوچکی تھی۔ ولیم سن 36 گیندوں پر 53 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان ڈینیل فلن 13 اور وکٹ کیپر بریڈلے-جان واٹلنگ صفر پر آؤٹ ہو کر لوٹے۔ ڈیرل مچل کے 13 گیندوں پر 16 رنز نے نائٹس کو 18 ویں اوور میں منزل مقصود تک پہنچا دیا۔
اسٹائرس کو صرف 21 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
سی ایل ٹی20 کے مرکزی مرحلے کا آغاز کل یعنی بدھ سے حیدرآباد میں ہوگا جہاں پہلا مقابلہ چنئی سپر کنگز اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے مابین کھیلا جائے گا۔ جبکہ ناردرن ڈسٹرکٹس نائٹس 19 ستمبر کو رائے پور ہی میں کیپ کوبراز کے خلاف پہلا مقابلہ کھیلیں گے۔ لاہور لائنز کا پہلا مقابلہ 21 ستمبر کو کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے ساتھ ہوگا۔