کپتانی بڑا چیلنج ہے، توقعات پر پورا اتروں گا: شاہد آفریدی

0 1,041

تین سال قبل محدود اوورز میں پاکستان کی قیادت سے محروم کیے جانے کے بعد شاہد آفریدی کو ایک مرتبہ پھر ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی سے نوازنا، ان کے لیے اعزاز کی بات تو ہے ہی لیکن درحقیقت ایک بہت بڑا امتحان بھی ہے اور شاہد آفریدی اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں اور کہتے ہیں کہ کپتانی میرے لیے ایک بہت بڑا چیلنج ہے کیونکہ عوام کے علاوہ کھلاڑیوں کو بھی مجھ سے بہت توقعات ہیں۔

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بہترین موقع ہے کہ وہ خود کو پاکستان کی نمائندگی کا اہل ثابت کریں: شاہد آفریدی (تصویر: AFP)
نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بہترین موقع ہے کہ وہ خود کو پاکستان کی نمائندگی کا اہل ثابت کریں: شاہد آفریدی (تصویر: AFP)

نیشنل اسٹیڈیم، کراچی میں جاری قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ جیت کے لیے کپتان کی کارکردگی کی کتنی اہمیت ہے، اس سے میں بخوبی واقف ہوں اور ہمیشہ اپنی پوری کوشش کرتا ہوں کہ بہتر سے بہتر کھیلوں اور اپنی ٹیم کو میچ جتواؤں۔

شاہد آفریدی نے نیشنل ٹی ٹوئںٹی کپ میں کراچی ڈولفنز کو جتوانے کو اپنا پہلا ہدف قرار دیا اور کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اگلے سال چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی میں کراچی ڈولفنز پاکستان کی نمائندگی کرے۔

قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کو شاہد آفریدی نے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں پیش کرنے کا بہترین موقع قرار دیا اور کہا کہ جاری ٹورنامنٹ میں جو بھی کھلاڑی باصلاحیت ہوں گے انہیں آئندہ پاکستان کی نمائندگی کا موقع ملے گا اور ہوسکتا ہے کہ وہ عالمی کپ بھی کھیلیں۔

سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ اعجاز بٹ کے اس بیان پر کہ شاہد آفریدی کو وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کی سفارش پر ٹی ٹوئنٹی کپتان بنایا گیا ہے، ٹی ٹوئنٹی کپتان نے کہا کہ اللہ اعجاز بٹ کو لمبی عمر، صحت اور ہدایت دے۔ ان کے لیے اس دعا کے علاوہ کچھ نہیں کہوں گا۔