کراچی ڈولفنز باہر؛ شاہد آفریدی کی بورڈ پر تنقید

4 1,062

سیالکوٹ اسٹالینز نے ٹورنامنٹ میں اپنی بہترین کارکردگی کو سب سے اہم مقابلے کے لیے بچا رکھا اور شاہد آفریدی کی کراچی ڈولفنز کو 9 وکٹوں کی زبردست شکست دے کر نہ صرف خود سیمی فائنل میں جگہ پکی کرلی ہے بلکہ کراچی کو بھی اعزاز کی دوڑ سے باہر کردیا ہے۔

موجودہ فارمیٹ کے تحت ہر گروپ کی سرفہرست ٹیم سیمی فائنل تک پہنچتی ہے، اس لیے کراچی صرف ایک شکست کی وجہ سے اعزاز کی دوڑ سے باہر ہوگیا (تصویر: PCB)
موجودہ فارمیٹ کے تحت ہر گروپ کی سرفہرست ٹیم سیمی فائنل تک پہنچتی ہے، اس لیے کراچی صرف ایک شکست کی وجہ سے اعزاز کی دوڑ سے باہر ہوگیا (تصویر: PCB)

مختار احمد کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی، 28 رنز دے کر 3 وکٹیں اور 48 گیندوں پر ناقابل شکست سنچری کراچی کو چاروں شانے چت کرنے کے لیے کافی تھی۔ جس کی بدولت سیالکوٹ نے 151 رنز کا ہدف محض ایک وکٹ کے نقصان پر 16 ویں اوور میں حاصل کیا۔

اس بدترین شکست کے بعد شاہد آفریدی کو بے قابو ہونا سمجھ میں آتا ہے، جنہوں نے کرکٹ بورڈ کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ ابھی گزشتہ روز کراچی ڈولفنز کو قومی چیمپئن بنوا کر اگلے سال چیمپئنز لیگ کھیلنے کے ارادے ظاہر کرنے والے شاہد خان اگلے ہی روز بری طرح شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہوئے ہیں اور کہتے ہیں کہ بورڈ کو قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کا فارمیٹ تبدیل کردیا چاہیے۔

شاہزیب حسن، اسد شفیق، فواد عالم، سرفراز احمد، انور علی اور محمد سمیع جیسے بین الاقوامی تجربہ رکھنے والے کھلاڑیوں کے باوجود کراچی کا اس بری طرح شکست کھاجانا ظاہر کرتا ہے کہ صرف اسٹار کھلاڑیوں کی موجودگی سے کوئی ٹیم چیمپئن نہیں بنتی۔ دوسری جانب اپنے کپتان شعیب ملک سے محروم سیالکوٹ نے جامع کارکردگی پیش کی اور ثابت کیا کہ وہ سیمی فائنل کھیلنے کی حقدار ہے۔

شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ صرف ایک شکست کی وجہ سے میگا ایونٹ سے باہر ہوجانا اچھی بات نہیں ہے۔ اتنا بڑا ٹورنامنٹ لیگ بنیادوں پر ہونا چاہیے تھا تاکہ ٹیموں و زیادہ سے زیادہ موقع ملتا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے رواں سال قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے لیے 18 ٹیموں کو چار گروپوں میں تقسیم کیا ہے اور ہر گروپ کی فاتح ٹیم سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرے گی۔ گروپ 'اے' میں سیالکوٹ نے اپنے چاروں مقابلوں میں فتوحات حاصل کیں جبکہ کراچی ڈولفنز تین فتوحات کے باوجود صرف آخری میچ میں شکست کی وجہ سے اعزاز کی دوڑ سے باہر ہوا ہے۔ دوسرے گروپوں میں ابھی میچز مکمل ہونا باقی ہیں۔ گروپ 'سی' اور گروپ 'ڈی' کے مقابلے تو شروع ہی آج ہوئے ہیں۔

شکست کے باوجود شاہد آفریدی نے اتنا ضرور کہا کہ سیالکوٹ اسٹالینز نے بہت شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور مختار احمد نے بہترین اننگز کے ذریعے ہم سے فتح چھینی۔