دورۂ سری لنکا، ایلسٹر کک کی قیادت برقرار

0 1,075

مسلسل ون ڈے سیریز میں شکست کھانے کے باوجود انگلستان نے ایلسٹر کک کی قیادت پر اظہار اعتماد کرتے ہوئے انہیں نہ صرف دورۂ سری لنکا کے لیے کپتان برقرار رکھا ہے بلکہ آئندہ سال عالمی کپ میں بھی کک ہی انگلستان کی قیادت کریں گے۔

بھارت کے خلاف سیریز سے باہر کیے جانے کے بعد روی بوپارا پر دوبارہ اعتماد کیا گیا ہے (تصویر: Getty Images)
بھارت کے خلاف سیریز سے باہر کیے جانے کے بعد روی بوپارا پر دوبارہ اعتماد کیا گیا ہے (تصویر: Getty Images)

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے دورۂ سری لنکا کے لیے 16 رکنی دستے کا اعلان کیا ہے جو نومبر و دسمبر میں 7 ون ڈے میچز کھیلنے کے لیے بحر ہند کے جزیرے پر جائے گا۔ اعلان کردہ دستے میں روی بوپارا کی واپسی اہم ترین شمولیت ہے جو بھارت کے خلاف حالیہ سیریز نہیں کھیلے تھے جبکہ گیری بیلنس کی جگہ ناٹنگھم شائر کے جیمز ٹیلر کو ایک مرتبہ پھر موقع دیا گیا ہے۔

انگلستان کو ٹیسٹ سیریز میں شاندار فتوحات کے بعد بھارت کے خلاف ایک روزہ مرحلے میں مایوس کن شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ایک روزہ کرکٹ میں انگلستان گزشتہ ڈیڑھ سال میں صرف ایک سیریز جیت پایا ہے، اور اس میں بھی قیادت ایلسٹر کک کے پاس نہیں تھی۔ یعنی 2013ء کے اوائل میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز جیتنے کے بعد سے اب تک ایلسٹر کک کی قیادت میں انگلستان نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، سری لنکا اور بھارت کے خلاف تمام ون ڈے سیریز ہارا ہے۔

دوسری جانب کک کی انفرادی کارکردگی بھی کچھ قابل تحسین نہیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کے ہاتھوں ناقابل یقین شکست نے ایک روزہ کرکٹ میں ایلسٹر کک کے حوصلے ختم کردیے ہیں۔ لیکن قومی سلیکٹر جیمز وٹیکر نے کہا کہ "مکمل تر غوروخوض کے بعد ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ بحیثیت کپتان ایلسٹر کک کی مکمل حمایت کریں گے اور وہ نہ صرف دورۂ سری لنکا بلکہ عالمی کپ میں بھی انگلستان کی قیادت کریں گے۔"

انگلستان کی قومی کرکٹ ٹیم 16 نومبر کو سری لنکا کے لیے روانہ ہوگی جہاں 21 ستمبر کو سری لنکا 'اے' سے پہلا وارم اپ مقابلہ کھیلے گی جبکہ سیریز کا باضابطہ آغاز 26 نومبر کو کولمبو میں پہلے مقابلے سے ہوگا۔ آخری ون ڈے 16 دسمبر کو اسی میدان پر کھیلا جائے گا۔

اب یہ امر تقریباً یقینی ہے کہ اگلے سال سینٹ ویلنٹائنز ڈے پر جب انگلستان روایتی حریف آسٹریلیا کے خلاف عالمی کپ 2015ء میں اپنا پہلا مقابلہ کھیلے گا تو قیادت ایلسٹر کک ہی کے پاس ہوگی۔ سوائے اس کے کہ خدانخواستہ زخمی ہوجائیں۔

دورۂ سری لنکا کے لیے اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

ایلسٹر کک (کپتان)، اسٹیون فن، ایلکس ہیلز، این بیل، ایون مورگن، بین اسٹوکس، جو روٹ، جوس بٹلر، جیمز اینڈرسن، جیمز ٹریڈویل، جیمز ٹیلر، روی بوپارا، کرس جارڈن، کرس ووکس، معین علی اور ہیری گرنی۔