دورۂ نیوزی لینڈ و آسٹریلیا کے لیے جنوبی افریقہ کے دستے کا اعلان

0 1,024

عالمی کپ کے آغاز سے قبل اب تمام ٹیموں کی توجہ ایک روزہ کرکٹ پر ہے اور جنوبی افریقہ کا دورۂ نیوزی لینڈ و آسٹریلیا اسی سلسلے کی ایک بہت اہم کڑی ہے۔ عالمی کپ اگلے سال فروری و مارچ میں انہی دونوں ملکوں میں کھیلا جائے گا اس لیے پروٹیز کا یہ دورہ بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جنوبی افریقہ نے دورے کے لیے بہت مضبوط دستے کا اعلان کیا ہے۔

ژاں-پال دومنی کو دورۂ نیوزی لینڈ و آسٹریلیا کے لیے ٹی ٹوئنٹی کپتان بنایا گیا ہے (تصویر: AP)
ژاں-پال دومنی کو دورۂ نیوزی لینڈ و آسٹریلیا کے لیے ٹی ٹوئنٹی کپتان بنایا گیا ہے (تصویر: AP)

اکتوبر کے آخری ایام میں جنوبی افریقہ نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گا جس کے بعد نومبر کے اوائل میں ٹیم آسٹریلیا پہنچے گی جہاں تین ٹی ٹوئںٹی اور پانچ ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے۔ سیریز کا آغاز 5 نومبر کو پہلے ٹی ٹوئںٹی سے ہوگا اور یہ 23 نومبرکو آخری ایک روزہ مقابلے کے ساتھ اختتام کو پہنچے گی۔

جنوبی افریقہ نے ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کے لیے اہم تبدیلی کپتان کی ہے، فف دو پلیسی کو دستے سے خارج کرکے ان کی جگہ ژاں-پال دومنی کو قیادت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ وہ 21 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئںٹی میں کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔

دورے کے ایک روزہ مرحلے کے لیے واحد تبدیلی تیز گیندباز ویرنن فلینڈر کی صورت میں ہے۔ جنوبی افریقہ نے اپنا آخری ایک روزہ مقابلہ رواں ماہ کے اوائل میں زمبابوے سہ فریقی سیریز کے فائنل کی صورت میں کھیلا تھا جہاں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو شکست دی تھی۔ فلینڈر اس ٹورنامنٹ سے پہلے ران کے پٹھے کی تکلیف کی وجہ سے نہیں کھیل پائے تھے لیکن اب ان کی ایک روزہ دستے میں واپسی ون ڈے ٹیم مزید مستحکم کرے گی۔ جس میں کپتان ابراہم ڈی ولیئرز کے علاوہ ڈیل اسٹین، ہاشم آملہ، فف دو پلیسی اور مورنے مورکل جیسے کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

جنوبی افریقہ دورۂ نیوزی لینڈ و آسٹریلیا سے واپسی کے بعد عالمی کپ سے پہلے ہوم گراؤنڈ پر ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اور دی ٹوئنٹی مقابلوں پر مشتمل ایک طویل سیریز کھیلے گا۔

ایک روزہ دستہ:

ابراہم ڈی ولیئرز (کپتان)، آرون فانگیسو، ڈیل اسٹین، ڈیوڈ ملر، راین میک لارن، ریلی روسو، ژاں-پال دومنی، عمران طاہر، فف دو پلیسی، کائل ایبٹ، کوئنٹن ڈی کوک، مورنے مورکل، ہاشم آملہ، ویرنن فلینڈر اور وین پارنیل۔

ٹی ٹوئنٹی دستہ:

ژاں-پال دومنی (کپتان)، آرون فانگیسو، ڈیوڈ ملر، ڈیوڈ ویز، راین میک لارن، ریزا ہینڈرکس، ریلی روسو، عمران طاہر، فرحان بہاردین، کاگیسو رباڈا، کائل ایبٹ، کوئنٹن ڈی کوک،مرچنٹ دے لانگے اور وین پارنیل۔