ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیم کا اعلان، بھارت نے آشون کو "آرام" کا موقع دے دیا

0 1,012

بھارت نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ سیریز کے ابتدائی تین مقابلوں کے لیے اپنے دستے کا اعلان کردیا ہے جس میں اہم اسپن گیندباز روی چندر آشون کا نام شامل نہیں۔ کہا تویہ جارہا ہے کہ آشون کو آرام کا موقع دیا گیا ہے لیکن دنیا کے دو بہترین اسپن گیندبازوں سعید اجمل اور سنیل نرائن کے معاملے کو دیکھتے ہوئے لگتا ہے کہ بھارت آشون کو بچانے کی کوشش کررہا ہے۔ اس کے حقیقی ارادے تو اس وقت ظاہر ہوں گے جب سیریز کے مقابلو ں میں آشون کی شمولیت کا فیصلہ ہوگا، فی الوقت تو انہیں ابتدائی تینوں ایک روزہ مقابلوں میں ذمہ داریوں سے بری کیا گیا ہے، بعد میں دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔

دنیا کے دو بہترین آف اسپن گیندباز سعید اجمل اور سنیل نرائن کے باہر ہونے کے بعد آشون کو آرام کا موقع دیا جانا کچھ کچھ سمجھ میں آتا ہے (تصویر: AFP)
دنیا کے دو بہترین آف اسپن گیندباز سعید اجمل اور سنیل نرائن کے باہر ہونے کے بعد آشون کو آرام کا موقع دیا جانا کچھ کچھ سمجھ میں آتا ہے (تصویر: AFP)

بہرحال، ذکر کرتے ہیں بقیہ دستے کا کہ جس میں آشون کی جگہ نوجوان اسپنر کلدیپ یادیو کو طلب کیا گیا ہے۔ 19 سالہ کلدیپ بھارت کے انڈر-19 اسکواڈ کا حصہ رہے ہیں اور اس وقت کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی جانب سے چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی میں شریک ہیں جہاں ان کی شاندار باؤلنگ نے سلیکٹرز کے دل موہ لیے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ فرسٹ کلاس کرکٹ کا کوئی تجربہ نہ ہونے کے باوجود قومی کرکٹ ٹیم کے دروازے ان پر کھول دیے گئے ہیں۔

بھارت نے آخری ایک روزہ سیریز انگلستان میں کھیلی تھی جہاں ٹیسٹ مرحلے میں بدترین ناکامی کے باوجود بھارت نے چار-ایک سے شاندار کامیابی سمیٹی تھی۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے ابتدائی تین ایک روزہ مقابلوں کے لیے کلدیپ کے علاوہ امیت مشرا کو بھی طلب کیا گیا ہے جبکہ آشون کے علاوہ اسٹورٹ بنی اور سنجو سامسن باہر ہونے والے دوسرے اہم کھلاڑی ہیں۔

عین اس وقت جب غیر قانونی باؤلنگ ایکشن رکھنے والوں کے خلاف زبردست کارروائی جاری ہے، جس کا سب سے بڑا نقصان آف اسپن گیندبازوں کا پہنچ رہا ہے، آشون کو "آرام" کروانا بھارت کی عالمی کپ کی حکمت عملی کو ظاہر کرتا ہے، جو اگلے سال فروری میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں شروع ہوگا۔

ویسٹ انڈیز دورۂ بھارت میں ایک ٹی ٹوئنٹی، پانچ ون ڈے اور تین ٹیسٹ مقابلے کھیلے گا جس کا آغاز 8 اکتوبر سے کوچی میں پہلے ایک روزہ مقابلے سے ہوگا۔

پہلے تین ون ڈے مقابلوں کے لیے بھارت کا دستہ:

مہندر سنگھ دھونی (کپتان)، اجنکیا راہانے، امباتی رایوڈو، امیت مشرا، امیش یادیو، بھوونیشور کمار، رویندر جدیجا، سریش رینا، شیکھر دھاون، کلدیپ یادیو، محمد شامی، مرلی وجے، موہیت شرما اور ویراٹ کوہلی۔