یونس خان پر ایک روزہ ٹیم کے دروازے کھلنے کا امکان
دبئی ٹیسٹ میں فاتحانہ کارکردگی نے عالمی کپ سے پہلے یونس خان کے لیے ایک روزہ ٹیم کے دروازے کھول دیے ہیں اور اب کوئی وجہ نظر نہیں آتی کہ نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ ون ڈے سیریز میں یونس کو شامل نہ کیا جائے۔
پاکستان نے ڈیڑھ سال کے طویل عرصے کے بعد حالیہ دورۂ سری لنکا کے لیے یونس خان کو ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیا تھا لیکن پہلے مقابلے میں شرکت کے بعد یونس کو اپنے نوعمر بھتیجے کے انتقال کی وجہ سے فوراً وطن واپس آنا پڑا۔ پاکستان بقیہ دونوں مقابلوں میں شکست کھا کر سیریز بھی ہار گیا اور جب آسٹریلیا کے خلاف تین مقابلوں کے لیے ایک روزہ دستے کا اعلان کیا گیا تو اس میں یونس خان کا نام شامل نہیں تھا۔ اس حیران کن فیصلے پر یونس کا ردعمل بھی بہت سخت تھا جنہوں نے یہ تک کہا کہ سینئر کھلاڑیوں کو خودکشی کرلینی چاہیے۔
آسٹریلیا کے خلاف تینوں ون ڈے مقابلوں میں شکست نے نہ صرف یونس کے بغیر پاکستان کی بیٹنگ لائن کی کمزوری عیاں کردی بلکہ ٹیم کو قیادت کے ایک سنگین بحران سے بھی دوچار کردیا۔ آخری ون ڈے میں کپتان تبدیل کرکے بھی پاکستان میچ تو نہیں جیت سکا لیکن یہ بات ظاہر ہوگئی کہ یونس خان کے بغیر پاکستان کی بیٹنگ نہیں چل سکے گی۔ ابھی اس پر بحث جاری ہی تھی کہ پاک-آسٹریلیا سیریز ٹیسٹ مرحلے میں داخل ہوگئی اور یونس نے پہلے ہی مقابلے میں دونوں اننگز میں سنچریاں جڑ ڈالیں اور ثابت کردیا کہ 37 سالہ بلے باز میں اب بھی دم خم باقی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے قومی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس دبئی ہی میں طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق فوری طور پر سلیکشن کمیٹی میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی اور موجودہ عہدیداران ہی آئندہ سیریز کے لیے دستہ منتخب کریں گے۔ پی سی بی نے گزشتہ روز فیصلہ کیا تھا کہ وہ دوہری ذمہ داریاں نبھانے والے عہدیداران کو ایک عہدے سے فارغ کردیا جائے گا اور اس وقت چیئرمین سلیکشن کمیٹی معین خان دو ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں اور ٹیم مینیجر کی حیثیت سے متحدہ عرب امارات میں کھلاڑیوں کے ساتھ ہیں۔ ان کے علاوہ بھی تقریباً تمام ہی سلیکٹرز دو عہدوں پر فائز ہیں جیسا کہ محمد اکرم نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ بھی ہیں۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین سیریز کا آغاز 9 نومبر کو پہلے ٹیسٹ سے ہوگا جس میں مجموعی طور پر تین ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد دسمبر کے اوائل میں دو ٹی ٹوئنٹی دبئی میں ہوں گے جبکہ پانچ ون ڈے مقابلوں کی سیریز 8 دسمبر سے شروع ہوگی۔