آئی سی سی کی تجویز، محمد عامر کے لیے ممکنہ خوشخبری
بین الاقوامی کرکٹ کونسل کا اعلان پاکستان کے پابندی کے شکار تیز باؤلر محمد عامر کے لیے خوشی کا پیغام ہو سکتا ہے۔ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ وہ پابندی بھگتنے والے کھلاڑیوں کو سزا مکمل ہونے سے چند ماہ پہلے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے سکتا ہے، جس کے لیے ضابطہ اخلاق کی ایک دفعہ میں تبدیلی کی تجویز اگلے ماہ بورڈ اجلاس میں پیش کی جائے گی۔
2010ء کے دورۂ انگلستان میں پاکستان کے محمد عامر کے علاوہ کپتان سلمان بٹ اور باؤلر محمد آصف کو اسپاٹ فکسنگ میں دھر لیا گیا تھا اور الزام ثابت ہونے پر تینوں پر کم از کم پانچ، پانچ سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔ پچھلے سال پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ محمد عامر کے معاملے پر کچھ نرمی اختیار کرے۔ جس پر آئی سی سی نے معاملے پر غور اور ضابطہ اخلاق پر نظرثانی کے لیے کمیٹی تشکیل دی تھی۔
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے دبئی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگلے ماہ دبئی میں آئی سی سی کے بورڈ اجلاس میں ترمیم شدہ ضابطہ اخلاق پر گفتگو ہوگی اور حتمی فیصلہ کیا جائے گا اور منظور ہونے کی صورت میں بین الاقوامی پابندی کے شکار کھلاڑیوں کی پابندی میں نرمی کی جائے گی۔
اگر یہ دفعہ منظور کرلی گئی تو پابندی کے شکار کھلاڑیوں کو آئی سی سی کو درخواست دینا پڑے گی کہ انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی جائے۔ جس کے بعد آئی سی سی اپنے اینٹی کرپشن اینڈ سیکورٹی یونٹ اور مقامی بورڈ اور آئی سی سی بورڈ سے اجازت طلب کرے گا جس کے بعد ہی کھلاڑی کو اجازت مل پائے گی۔