[ریکارڈز] یونس خان 8 ہزار رنز بنانے والے تیسرے پاکستانی

ابوظہبی میں جاری پاک-آسٹریلیا ٹیسٹ میں پاکستان خاص طور پر یونس خان نے 'مہمان نوازی' کا بھرپور ثبوت دیتے ہوئے ایک اور ریکارڈ ساز اننگز کھیل ڈالی اور اس دوران ایک ایسا سنگ میل بھی عبور کیا جہاں تاریخ میں صرف دو پاکستانی بلے بازوں کو رسائی حاصل ہوئی ہے۔

پاکستان کی پہلی اننگز کے 144 ویں اوور میں یونس خان نے جب مچل مارش کی گیند پر اپنا 181 واں رن حاصل کیا تو یہ ان کے بین الاقوامی کیریئر کا 8 ہزار واں رن بھی تھا۔ اس طرح وہ عظیم بلے بازوں جاوید میانداد اور انضمام الحق کے بعد 8 ہزاری منصب پر فائز ہونے والے صرف تیسرے پاکستانی بلے باز بن گئے۔
جاوید میانداد نے 17 سالہ کیریئر میں 124 ٹیسٹ کھیلے اور 52.57 کے اوسط کے ساتھ 8832 رنز بنائے۔ وہ پاکستان کی تاریخ کے پہلے بیٹسمین تھے جنہیں 8 ہزار رنز بنانے کا شرف حاصل ہوا۔ ان کی 23 سنچریاں اور 43 نصف سنچریاں یہ سب قومی ریکارڈز تھے جو بعد ازاں انضمام الحق نے توڑے لیکن 'انضی' ان کا سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام نہیں کرپائے۔
انضمام الحق نے 119 ٹیسٹ مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 198 اننگز میں 50.16 کے اوسط کے ساتھ 8829 رنز بنائے۔ اب یونس خان وہ تیسرے پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں جنہیں ٹیسٹ کرکٹ میں 8 ہزار رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔
ابوظہبی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 213 رنز بنانے والے یونس نے کیریئر میں پانچویں بار ڈبل سنچری بھی مکمل کی۔ حیران کن بات یہ ہے کہ حالیہ سیریز سے پہلے ان کی آسٹریلیا کے خلاف ایک سنچری بھی نہیں تھی لیکن صرف تین اننگز میں انہوں نے تین مرتبہ سنچریاں بنائی ہیں، بلکہ ایک کو ڈبل سنچری میں بھی بدلا ہے۔ یونس نے 349 گیندیں کھیلیں اور 2 چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے ایک شاہکار اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ان کی بدولت پاکستان پہلی اننگز میں 570 رنز تک پہنچا۔
ذیل میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے ٹیسٹ بلے بازوں کی فہرست درج ہے، امید کرتے ہیں کہ معلومات میں اضافے کا باعث بنے گی:
سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے پاکستانی بلے باز
بلے باز | ملک | مقابلے | رنز | اوسط | بہترین اننگز | سنچریاں | نصف سنچریاں |
---|---|---|---|---|---|---|---|
جاوید میانداد | ![]() |
124 | 8832 | 52.57 | 280* | 23 | 43 |
انضمام الحق | ![]() |
119 | 8829 | 50.16 | 329 | 25 | 46 |
یونس خان | ![]() |
93 | 8032 | 53.54 | 313 | 27 | 28 |
محمد یوسف | ![]() |
90 | 7530 | 52.29 | 223 | 24 | 33 |
سلیم ملک | ![]() |
103 | 5768 | 43.69 | 237 | 15 | 29 |
ظہیر عباس | ![]() |
78 | 5062 | 44.79 | 274 | 12 | 20 |
مدثر نذر | ![]() |
76 | 4114 | 38.09 | 231 | 10 | 17 |
سعید انور | ![]() |
55 | 4052 | 45.52 | 188* | 11 | 25 |