آسٹریلیا کو پھر شکست، جنوبی افریقہ نے پہلا ٹی ٹوئنٹی باآسانی جیت لیا

0 1,016

پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز جیتنے کے بعد آسٹریلیا کی تمام اکڑفوں ٹیسٹ سیریز میں نکل گئی اور دونوں ٹیسٹ مقابلوں میں بدترین شکست کے بعد اب یہ حالت ہوگئی ہے کہ آسٹریلیا اپنے ہی ملک میں جنوبی افریقہ کو زیر نہ کرسکا اور پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 7 وکٹوں سے شکست کھا گیا۔

ریلی روسو نے زبردست بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور صرف 50 گیندوں پر 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی بدولت 78 رنز بنائے (تصویر: Getty Images)
ریلی روسو نے زبردست بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور صرف 50 گیندوں پر 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی بدولت 78 رنز بنائے (تصویر: Getty Images)

ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے اس اہم سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا لیکن شین واٹسن اور جیمز فاکنر کے علاوہ کوئی جنوبی افریقہ کے دوسرے درجے کے باؤلنگ اٹیک کے وار نہ سہہ سکا۔ پانچویں اوور کے آغاز پر ہی آرون فنچ کی صورت میں آسٹریلیا کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا۔ وہ راین میک لارن کا واحد شکار بنے۔ پھر اگلے ہی اوور میں کیمرون وائٹ کی اننگز پر 24 رنز پر پہنچ کر تمام ہوگئی۔ آسٹریلیا ابتدائی 6 اوورز میں 48 رنز پر دونوں اوپنرز سے محروم ہوچکا تھا۔

آسٹریلیا نے وکٹ کپر بین ڈنک اور ناتھن ریئرڈن کو ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کیریئر کے آغاز کا موقع دیا جو مکمل طور پر ناکام ہوئے۔ ڈنک صرف 2 اور ریئرڈن 4 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تو آسٹریلیا اننگز کے نصف مرحلے تک صرف 67 پر چار وکٹوں سے محروم ہوگیا تھا۔ اس مقام پر شین واٹسن نے جیمز فاکنر کے ساتھ مل کر واحد قابل ذکر شراکت داری قائم کی۔ دونوں بلے بازوں نے 7 اوورز میں 57 رنز جوڑے لیکن دونوں نصف سنچری مکمل نہیں کرپائے۔ واٹسن 36 گیندوں پر 47 رنز بنانے کے بعد کائل ایبٹ کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے جنہوں نے آخری اوور میں بین کٹنگ کی وکٹ بھی حاصل کی اور اپنے شکاروں کی تعداد تین کرلی۔ فاکنر 33 گیندوں پر 41 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ آسٹریلیا 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر صرف 144 رنز جوڑ پایا۔

جنوبی افریقہ نے پہلے ہی اوور میں اوپنر ریزا ہینڈرکس کی وکٹ گنوائی لیکن اس کے بعد کوئنٹن ڈی کوک اور ریلی روسو کی 129 رنز کی شاندار رفاقت نے آسٹریلیا کو مقابلے کی دوڑ سے باہر کردیا۔ دونوں بلے بازوں نے صرف 87 گیندیں کھیلیں اور پروٹیز کو فتح کے نزدیک پہنچا دیا۔ روسو نے خاص طور پر زبردست بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ وہ صرف 50 گیندوں پر 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی بدولت 78 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ جنوبی افریقہ کو اگلے ہی اوور میں ڈی کوک کی وکٹ کا بھی نقصان اٹھانا پڑا جو 46 رنز بنا کر کیمرون بوائس کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ لیکن اس وقت جنوبی افریقہ صرف 16 رنز کی دوری پر تھا جو کپتان ژاں-پال دومنی اور ڈیوڈ ملر نے باآسانی 19 اوورز میں بنا لیے۔

ریلی روسو کو شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دونوں ٹیموں کے مابین تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا دوسرا مقابلہ 7 نومبرکو ملبورن میں کھیلا جائے گا۔