آف اسپنرز کے گرد گھیرا تنگ، میلکم والر کے باؤلنگ ایکشن پر بھی شک

1 1,062

آف اسپن گیندبازوں کے خلاف بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے کریک ڈاؤن کا دائرہ مزید وسیع ہوچکا ہے اور مشکوک باؤلرز کی فہرست میں تازہ اضافہ زمبابوے کے آف اسپنر میلکم والر کا ہے۔

میلکم والر اپنے کیریئر کی بہترین باؤلنگ کے ساتھ ہی شکوک کی زد میں آ گئے (تصویر: AP)
میلکم والر اپنے کیریئر کی بہترین باؤلنگ کے ساتھ ہی شکوک کی زد میں آ گئے (تصویر: AP)

بنگلہ دیش کے خلاف کھلنا میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ کے بعد والر کے باؤلنگ ایکشن کے بارے میں رپورٹ زمبابوے کے ٹیم مینیجر موفارو چتورومانی کو موصول ہوئی، جس میں 30 سالہ گیندباز کے باؤلنگ ایکشن کی قانونی حیثیت پر خدشات ظاہر کیے گئے ہیں۔

کھلنا ٹیسٹ میں شکست کے باوجود والر کی کارکردگی مناسب رہی جنہوں نے پہلی اننگز میں 2 اور دوسری میں 4 وکٹیں حاصل کیں البتہ زمبابوے کو 162 رنز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے ساتھ ہی وہ سیریز بھی ہار گیا۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے قوانین کے مطابق اب میلکم والر کو تین ہفتوں (یعنی 21 دن) کے اندر آئی سی سی کی منظور شدہ کسی بھی تنصیب سے اپنے باؤلنگ ایکشن کی جانچ کروانا ہوگی۔ انہیں بین الاقوامی کرکٹ میں باؤلنگ کی اجازت ہوگی، جب تک کہ جانچ کے نتائج سامنے نہ آ جائیں۔

والر سے پہلے زمبابوے کے اہم آف اسپنر پراسپر اتسیا کا باؤلنگ ایکشن رپورٹ ہوچکا ہے، جانچ کے نتائج کی بنیاد پر ان پر پابندی بھی لگ چکی ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان کے سعید اجمل سمیت کئی اہم آف اسپنرز بھی پابندی کی زد میں آ چکے ہیں۔