کینیا اگلے ماہ پاکستان کا دورہ کرے گا
پاکستان ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے لیے کوشاں ہے اور اس سمت میں ایک اہم قدم اٹھنے جا رہا ہے۔ کینیا کی قومی ٹیم اگلے مہینے پاکستان 'اے' کے خلاف پانچ ون ڈ ے مقابلے کھیلنے کے لیے لاہور آئے گی۔
یہ دورہ رواں ماہ کیا جانا تھا لیکن پی سی بی نے حکومتی اجازت کی وجہ سے معاملہ موخر کردیا تھا۔ اب پی سی بی کے سی او او سبحان احمد کی زیر صدارت ایک اجلاس میں اس دورے کی منظوری دی گئی ہے جس کے مطابق کینیا کی کرکٹ ٹیم 11 دسمبر کو لاہور پہنچے گی اور پھر 13 سے 20 دسمبر تک قذافی اسٹیڈیم میں پانچ ایک روزہ مقابلے کھیلے گی۔ یہ سیریز ورلڈ کرکٹ لیگ ڈویژن 2 کی تیاریوں کی وجہ سے کینیا کے لیے بہت اہم ہوگی جو جنوری میں نمیبیا میں کھیلی جائے گی۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کو اس سیریز کے لیے انتظامی کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، جن کا کہنا ہے کہ سیریز کے تمام مقابلے دن کے اوقات میں کھیلے جائیں گے اور ہر اننگز 45 اوورز پر مشتمل ہوگی۔
پاکستان مارچ 2009ء میں سری لنکا کی قومی کرکٹ ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد سے بین الاقوامی کرکٹ سے محروم ہے۔ پاکستان نے رواں سال آئرلینڈ کو بھی کھیلنے کے لیے مدعو کیا تھا جس نے ابتدائی رضامندی کے بعد اس وقت ہاتھ کھینچ لیا جب جون کے مہینے میں کراچی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دہشت گردوں کا حملہ ہوا۔ دوسری جانب سری لنکا کو ایک بار پھر کھیلنے کی دعوت دینے کا معاملہ بھی ابھی کسی کروٹ بیٹھتا دکھائی نہیں دیتا۔
یاد رہے کہ رواں ماہ افغانستان 'اے' نے پاکستان 'اے' کے خلاف اسلام آباد میں ایک تاریخی مقابلہ کھیلا ہے جس میں دونوں ملکوں کے سربراہان مملکت نے مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔
کینیا بمقابلہ پاکستان 'اے' ایک روزہ سیریز
بمقام | بتاریخ | |||
---|---|---|---|---|
پاکستان | بمقابلہ | کینیا | لاہور | 13 دسمبر 2014ء |
پاکستان | بمقابلہ | کینیا | لاہور | 15 دسمبر 2014ء |
پاکستان | بمقابلہ | کینیا | لاہور | 16 دسمبر 2014ء |
پاکستان | بمقابلہ | کینیا | لاہور | 18 دسمبر 2014ء |
پاکستان | بمقابلہ | کینیا | لاہور | 20 دسمبر 2014ء |