میک کولم کی طوفانی اننگز، وسیم اکرم کا ریکارڈ بال بال بچ گیا

شارجہ میں برینڈن میک کولم کی طوفانی اننگز نے کئی ریکارڈز کو خطرے میں ڈالا لیکن کسی بڑے اور اہم ریکارڈ کو نقصان دیے بغیر ڈبل سنچری کے ساتھ مکمل ہوگئی۔ نہ وہ تیز ترین ڈبل سنچری کا ریکاڈ توڑ سکے اور نہ ہی ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ کہ جو پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم کے پاس ہے۔

پاکستا ن کے 351 رنز کے جواب میں کپتان میک کولم کی 202 رنز کی اننگز نیوزی لینڈ کو صرف دو وکٹوں کے نقصان پر اس مجموعے تک لے آئی ہے اور اب بلیک کیپس ایک بڑی برتری حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ میک کولم نے صرف 188 گیندوں پر 21 چوکوں اور 11 چھکوں کی مدد سے 202 رنز کی ایک یادگار اننگز کھیلی جس میں انہوں نے یاسر شاہ کو ایک زبردست چھکا رسید کرکے اپنی چوتھی ڈبل سنچری مکمل کی اور اسی اوور میں بولڈ ہو کر پویلین بھی سدھار گئے۔
میک کولم کی اننگز میں 11 چھکے کسی بھی ٹیسٹ اننگز میں لگائے گئے چھکوں کی دوسری سب سے زیادہ تعداد ہے۔ یہ ریکارڈ اس وقت پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم کے پاس ہے جنہوں نے اکتوبر 1996ء میں شیخوپورہ کے مقام پر زمبابوے کے خلاف اپنی یادگار ڈبل سنچری اننگز میں 12 چھکے لگائے تھے۔
وسیم اکرم، جو ایک باؤلر کی حیثیت سے زیادہ مشہور و معروف ہیں، نے اپنی آل راؤنڈ صلاحیتوں کا بہترین اظہار کیا اور 363 گيندوں پر 22 چوکوں اور 12 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 257 رنز بنائے۔
وسیم اکرم کا اننگز میں سب سے زيادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ تین مرتبہ خطرے کی زد میں آ چکا ہے۔ ایک مرتبہ جب نیوزی لینڈ کے ناتھن آسٹل نے مارچ 2002ء میں انگلستان کے خلاف ناقابل یقین ڈبل سنچری اننگز کھیلی تھی اور ایک مرتبہ اکتوبر 2003ء میں میتھیو ہیڈن کی تاریخی 380 رنز کی اننگز کے دوران، جنہوں نے اپنی باریوں میں 11، 11 چھکے لگائے تھے۔ البتہ اس ریکارڈ کو سب سے زيادہ خطرہ آج برینڈن میک کولم سے درپیش تھا جو تین گیندوں پر دو چھکے لگا کر اپنی ڈبل سنچری مکمل کرچکے تھے لیکن عالمی ریکارڈ برابر کرنے سے صرف ایک چھکے کے فاصلے پر کھڑے رہ گئے۔
ذیل میں آپ ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بلے بازوں کی فہرست ملاحظہ کرسکتے ہیں:
ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بلے باز
بلے باز | ملک | رنز | گیندیں | چوکے | چھکے | بمقابلہ | بمقام | بتاریخ |
---|---|---|---|---|---|---|---|---|
وسیم اکرم | ![]() |
257* | 363 | 22 | 12 | ![]() |
شیخوپورہ | اکتوبر 1996ء |
ناتھن آسٹل | ![]() |
222 | 168 | 28 | 11 | ![]() |
کرائسٹ چرچ | مارچ 2002ء |
میتھیو ہیڈن | ![]() |
380 | 437 | 38 | 11 | ![]() |
پرتھ | اکتوبر 2003ء |
برینڈن میک کولم | ![]() |
202 | 188 | 21 | 11 | ![]() |
شارجہ | نومبر 2014ء |
والی ہیمنڈ | ![]() |
336* | - | 34 | 10 | ![]() |
آکلینڈ | مارچ 1933ء |
کرس کیرنز | ![]() |
120 | 96 | 10 | 9 | ![]() |
آکلینڈ | جنوری 1996ء |
انضمام الحق | ![]() |
329 | 436 | 38 | 9 | ![]() |
لاہور | مئی 2002ء |
ٹم ساؤتھی | ![]() |
77* | 40 | 4 | 9 | ![]() |
نیپئر | مارچ 2008ء |
کرس گیل | ![]() |
333 | 437 | 34 | 9 | ![]() |
گال | نومبر 2010ء |