ہیوز کی آخری رسومات 3 دسمبر کو، برسبین ٹیسٹ ملتوی
آسٹریلیا کے آنجہانی بلے باز فلپ ہیوز کی آخری رسومات 3 دسمبر کو ان کے آبائی علاقے میکس وِل میں ادا کی جائیں گی جس کی وجہ سے اگلے ہی روز آسٹریلیا و بھارت کا طے شدہ ٹیسٹ مقابلہ موخر کردیا گیا ہے۔
آسٹریلیا اور بھارت نے 4 دسمبر سے گابا، برسبین میں چار مقابلوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ کھیلنا تھا لیکن چند روز قبل ہیوز کی اچانک موت اور اب آخری رسومات کی وجہ سے ملتوی ہوگیا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا نئی تاریخوں کا اعلان جلد کرے گا۔
فلپ ہیوز کی آخری رسومات سڈنی اور برسبین کے درمیان واقع میکس وِل کی بستی میں ادا کی جائیں گی، جہاں ہیوز اپنے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارتے تھے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو جیمز سدرلینڈ نے کہا ہے کہ "ان غیر معمولی حالات میں ہم اپنے کھلاڑیوں سے یہ توقع نہیں رکھ سکے، اور نہ رکھیں گے، کہ وہ اپنے ایک ساتھی کی آخری رسومات کے اگلے ہی دن ٹیسٹ کھیلنے کے لیے میدان میں اتریں۔ اس وقت کھلاڑی بہت غم میں ہیں اور ان سے امید رکھنا عبث ہے کہ وہ پانچ روزہ میچ کھیلیں گے۔ اس لیے کھلاڑیوں سے مشورے کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ اپنے ساتھی کو آخری سفر پر روانہ کرنا زیادہ اہم ہے۔" سدرلینڈ نے کہا کہ "ہم صورتحال کو سمجھنے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کے شکر گزار ہیں۔"
ہیوز 25 نومبر کو شیفیلڈ شیلڈ کے ایک مقابلے کے دوران سر پر باؤنسر لگنے سے زخمی ہوگئے تھے اور بے ہوشی کے عالم میں دو روز بعد سڈنی میں ہی چل بسے۔ 25 سالہ بیٹسمین کی ناگہانی موت نے دنیائے کرکٹ کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور اس کا ہلکا سا اندازہ آسٹریلیا کے کپتان مائیکل کلارک کے حالیہ بیان سے ہوتا ہے۔ اس کے بعد واقعی کھلاڑیوں سے یہ توقع رکھنا کہ وہ اپنے ساتھی کو دفنانے کے اگلے ہی دن ٹیسٹ میچ کھیلیں، ممکن نہیں۔