ایلسٹر کک، جیت تو گئے لیکن اگلے مقابلے سے گئے
ایلسٹر کک نے خدا خدا کرکے پہلا ایک روزہ جیتا، لیکن اسی کے ساتھ اوورز پھینکنے کی سست شرح پر دھر لیے گئے اور اب سری لنکا کے خلاف سیریز کے چوتھے مقابلے سے باہر ہوگئے ہیں۔
بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے مقرر کردہ میچ ریفری ڈیوڈ بون نے 35 اوورز تک محدود ہونے والے مقابلے میں انگلستان کی اوورز پھینکنے کی شرح کو سست قرار دیا اور اس کی بنیاد پر کک کو اگلے مقابلے سے باہر کرتے ہوئے ان پر میچ فیس کا 20 فیصد جبکہ ٹیم کے دیگر اراکین پر 10، 10 فیصد جرمانے عائد کیے ہیں۔ 12 ماہ کے دوران دو مرتبہ ایک روزہ مقابلوں میں مقررہ وقت کے دوران باؤلنگ مکمل نہ کرنے پر کپتان کو ایک مقابلے کی پابندی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
گزشتہ شب ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے مقابلے میں انگلستان نے شاندار کارکردگی کے بعد دورے میں پہلی کامیابی حاصل کی تھی۔ اب 7 دسمبر کو کولمبو میں طے شدہ اگلے ایک روزہ میں انگلش دستہ کک کے بغیر میدان میں اترے گا۔
ویسے انگلستان کے کئی بڑے نام کک کو عالمی کپ سے پہلے ایک روزہ کرکٹ میں قیادت سے ہٹانے کا مطالبہ کررہے ہیں، جس کی وجہ ایک روزہ میں انگلستان کی حالیہ بدترین کارکردگی ہے۔