[ریکارڈز] عظیم سنگاکارا کا ایک اور سنگ میل
سری لنکا کے عظیم بلے باز، کم از کم میں تو انہیں جیتا جاگتا بلکہ کھیلتا ہوا عظیم بیٹسمین کہوں گا، کمار سنگاکارا نے آج 13 ہزار ایک روزہ رنز کی صورت میں ایک اور سنگ میل عبور کرلیا۔
انگلستان کے خلاف ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ میں 63 رنز کی اننگز کے دوران وہ 13 ہزاری منصب پر فائز ہونے والے تاریخ کے چوتھے بلے باز بنے۔
میچ کے دوسرے ہی اوور میں کوشال پیریرا کی وکٹ گرنے کے بعد وہ میدان میں اترے اور اننگز کے 13 ویں رن کے ساتھ 13 ہزار رنز تک پہنچ گئے۔ مقابلے میں سنگا نے 62 گیندوں پر 63 رنز بنائے اور سری لنکا کے مجموعے کو 150 رنز تک پہنچایا۔ آخر میں ان کی اننگز فاتحانہ تو ثابت نہ ہوسکی لیکن سنگا کو ایک اہم مرحلے تک ضرور لے آئی ہے۔
سنگاکارا سے پہلے ایک روزہ کرکٹ میں بھارت کے سچن تنڈولکر ، آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ اور سری لنکا کے سنتھ جے سوریا 13 ہزار رنز بنا چکے ہیں۔ سچن نے 463 ایک روزہ مقابلوں میں 18 ہزار 426 رنز بنا رکھے ہیں جبکہ سابق آسٹریلوی قائد پونٹنگ نے 375 مقابلوں میں 13 ہزار 704 رنز اسکور کیے۔ کمار سنگاکارا کے ہم وطن جے سوریا کے 445 مقابلوں 13 ہزار 430 رنز ہیں۔
سنگاکارا نے 2000ء میں اپنے ایک روزہ بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اب تک 386 مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں جن میں 40.15 کے اوسط کے ساتھ 13 ہزار 50 رنز، 19 سنچریاں اور 89 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وکٹوں کے پیچھے 455 شکار انہیں تاریخ کے عظیم ترین وکٹ کیپر بلےبازوں میں شمار کرنے کے لیے کافی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سنگاکارا ٹیسٹ مقابلوں میں بھی 12 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے کے قریب ہیں اور انہیں طویل طرز کی کرکٹ میں صرف 12 رنز کی ضرورت ہے۔
ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ بنانے والے بلے باز
بلے باز | ملک | مقابلے | رنز | بہترین اننگز | اوسط | سنچریاں | نصف سنچریاں |
---|---|---|---|---|---|---|---|
سچن تنڈولکر | بھارت | 463 | 18426 | 200* | 44.83 | 49 | 96 |
رکی پونٹنگ | آسٹریلیا | 375 | 13704 | 164 | 42.03 | 30 | 82 |
سنتھ جے سوریا | سری لنکا | 445 | 13430 | 189 | 32.36 | 28 | 68 |
کمار سنگاکارا | سری لنکا | 386 | 13050 | 169 | 40.15 | 19 | 89 |
مہیلا جے وردھنے | سری لنکا | 430 | 12168 | 144 | 33.42 | 17 | 76 |
انضمام الحق | پاکستان | 378 | 11739 | 137* | 39.52 | 10 | 83 |
ژاک کیلس | جنوبی افریقہ | 328 | 11579 | 139 | 44.36 | 17 | 86 |
سارو گانگلی | بھارت | 311 | 11363 | 183 | 41.02 | 22 | 72 |
راہول ڈریوڈ | بھارت | 344 | 10889 | 153 | 39.16 | 12 | 83 |
برائن لارا | ویسٹ انڈیز | 299 | 10405 | 169 | 40.48 | 19 | 63 |