عالمی کپ: پاکستان کے ابتدائی دستے کا اعلان، شعیب، اجمل اور کامران بھی شامل

5 1,099

پاکستان نے عالمی کپ 2015ء کے لیے اپنے ابتدائی 30 رکنی دستے کا اعلان کردیا ہے جس میں نہ صرف پابندی کے شکار سعید اجمل بلکہ ڈیڑھ سال سے دھتکارے ہوئے کامران اکمل اور شعیب ملک بھی شامل ہیں۔

کامران اکمل اور شعیب ملک چیمپئنز ٹرافی 2013ء کے بعد سے اب تک پاکستان کی ایک روزہ ٹیم سے باہر ہیں، کیا وہ عالمی کپ 2015ء کے حتمی دستے میں جگہ بنا پائیں گے؟ (تصویر: AFP)
کامران اکمل اور شعیب ملک چیمپئنز ٹرافی 2013ء کے بعد سے اب تک پاکستان کی ایک روزہ ٹیم سے باہر ہیں، کیا وہ عالمی کپ 2015ء کے حتمی دستے میں جگہ بنا پائیں گے؟ (تصویر: AFP)

وکٹ کیپر کامران اکمل کو عالمی کپ 2011ء کے بعد ڈیڑھ سال کے لیے ایک روزہ دستے سے باہر کردیا گیا تھا اور پھر 2012ء میں آسٹریلیا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ہونے والی سیریز میں طلب کیا گیا اور اس مرتبہ ان کی اڑان چیمپئنز ٹرافی 2013ء میں جا کر مکمل ہوگئی۔ جہاں گروپ مرحلے کے تینوں مقابلوں میں شکست کے ساتھ کامران کے ساتھ ساتھ شعیب ملک بھی باہر کردیے گئے کیونکہ دونوں تجربہ کار کھلاڑی پاکستان کو شکست سے بچانے میں مکمل طور پر ناکام رہے۔ لیکن دونوں کی حالیہ ڈومیسٹک کارکردگی کو بنیاد بنا کر انہیں عالمی کپ کے ممکنہ کھلاڑیوں میں نامزد کیا گیا ہے۔ البتہ حتمی 15 رکنی دستے میں شاید وہ مقام نہ پا سکیں اور اگر سعید اجمل بھی بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے روبرو اپنے باؤلنگ ایکشن کو قانونی ثابت نہ کرسکے تو ویسے ہی ایک سال کی مکمل پابندی کے شکار ہوجائیں گے اور عالمی کپ نہیں کھیل سکیں گے۔

اس اہم اعلان کی منظوری سنیچر کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے دی جس کی سفارش قومی سلیکشن کمیٹی نے کی تھی۔ دستے میں پانچ اوپنرز، نو مڈل آرڈر بلے باز، چھ تیز باؤلر، چار اسپنر، چار آل راؤنڈرز اور دو وکٹ کیپرز شامل ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے جاری کردہ اعلامیہ میں چیف سلیکٹر معین خان نے کہا کہ "جیت اور شکست سے ہٹ کر تمام طرز کی کرکٹ میں پاکستان کی موجودہ کارکردگی بہت عمدہ ہے۔ عالمی کپ کے لیے اعلان کردہ 30 رکنی دستے کے تمام کھلاڑی شاندار صلاحیتوں کے حامل ہیں اور ہر طرح کے حالات میں کارکردگی دکھانے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ اس دستے کا سب سے مثبت پہلو یہ ہے کہ ہمارے باصلاحیت کھلاڑی جسمانی تکالیف سے چھٹکارہ پاچکے ہیں اور اب عالمی اعزاز کی کشمکش کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔" انہوں نے مزید کہا کہ "ہمارے جائزے کے مطابق متحدہ عرب امارات میں آئندہ پانچ ون ڈے مقابلوں، اس کے بعد نیوزی لینڈ کے دورے اور پھر عالمی کپ سے قبل پریکٹس میچز کے بعد پاکستان کی کارکردگی اپنے عروج پر پہنچ جائے گی۔"

معین خان نے کہا کہ میرے لیے ذاتی طور پر 1992ء کی عالمی کپ جیت پاکستان کی تاریخ کی بڑی کرکٹ کامیابیوں میں سے ایک ہے اور مجھے یقین ہے کہ موجودہ دستہ بھی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے انہی میدانوں پر ویسی ہی کارکردگی دکھانے کی قابلیت رکھتا ہے۔

عالمی کپ کے لیے حتمی 15 رکنی دستے کا اعلان 7 جنوری کو ہوگا جبکہ ٹورنامنٹ میں پاکستان کا پہلا مقابلہ 15 فروری کو ایڈیلیڈ میں روایتی حریف بھارت کے ساتھ ہوگا۔

پاکستان کا عالمی کپ 2015ء کے لیے 30 رکنی ابتدائی دستہ:

احسان عادل، احمد شہزاد، اسد شفیق، اظہر علی، انور علی، بلاول بھٹی، جنید خان، حارث سہیل، ذوالفقار بابر، رضا حسن، سرفراز احمد، سعید اجمل، سمیع اسلم ، سہیل تنویر، شاہد آفریدی، شرجیل خان، شعیب ملک، صہیب مقصود، عمر اکمل، عمر گل، فواد عالم، کامران اکمل، محمد حفیظ، محمد طلحہ، محمد عرفان، مصباح الحق، ناصر جمشید، وہاب ریاض، یاسر شاہ اور یونس خان۔