کمار سنگاکارا نے 12 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرلیا؛ سری لنکا کے پہلے، دنیا کے پانچویں بلے باز
سری لنکا کرکٹ ٹیم کے سب سے تجربہ کار بلے باز کمار سنگارا نے ٹیسٹ کرکٹ میں 12 ہزار رنز بنا کر قومی کرکٹ میں ایک نئی تاریخ رقم کردی۔ سنگاکارا یہ سنگ میل عبور کرنے والے سری لنکا کے پہلے کھلاڑی ہیں جبکہ عالمی سطح پر ان سے قبل صرف چار بلے باز ہی اس کارنامے کو انجام دے پائے ہیں۔
بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے سنگاکارا نے نیوزی لینڈ کے خلاف جاری پہلے ٹیسٹ کی ابتدائی اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا۔ سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے خلاف شروع ہونے والی دو ٹیسٹ پر مشتمل سیریز سے قبل وہ 11,988 رنز بنا چکے تھے۔
سال 2000ء میں اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے کمار سنگاکارا نے 138 ٹیسٹ میچز میں 58.00 کی اوسط سے یہ رنز بنائے ہیں جن میں 37 سنچریاں، 9 ڈبل سنچریاں اور 1 ٹرپل سنچری بھی شامل ہیں۔ سنگاکارا تین بار 190 سے زائد رنز بنانے کے باوجود ڈبل سنچری بنانے سے محروم بھی رہ چکے ہیں۔ سنگاکارا نے ٹیسٹ کیریئر کی طویل ترین اننگز بنگلہ دیش کے خلاف گزشتہ سال چٹاگانگ میں کھیلی جس میں انہوں نے 319 رنز بنائے تھے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں شامل دیگر بلے بازوں کے مقابلے میں 37 سالہ سنگاکارا نے سب سے تیز رفتاری سے یہ سنگ میل عبور کیا۔ اس فہرست میں سب سے پہلا نمبر عظیم بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر کا ہے جنہوں نے 200 ٹیسٹ مقابلوں میں 53.78 کی اوسط سے 15,921 رنز بنائے ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست
کھلاڑی | ملک | مقابلے | اننگز | رنز | اوسط |
---|---|---|---|---|---|
سچن ٹنڈولکر | بھارت | 200 | 329 | 15921 | 53.78 |
رکی پونٹنگ | آسٹریلیا | 168 | 287 | 13378 | 51.85 |
ژاک کیلس | جنوبی افریقہ | 166 | 280 | 13289 | 55.37 |
راہول ڈریوڈ | بھارت | 164 | 286 | 13288 | 52.31 |
کمار سنگاکارا* | سری لنکا | 130 | 224 | 12028 | 58.38 |
برائن لارا | ویسٹ انڈیز | 131 | 232 | 11953 | 52.88 |
مہیلا جے وردھنے | سری لنکا | 149 | 252 | 11814 | 49.84 |
شیونارائن چندرپال* | ویسٹ انڈیز | 161 | 273 | 11725 | 52.34 |
ایلن بارڈر | آسٹریلیا | 156 | 265 | 11174 | 50.56 |
اسٹیو واہ | آسٹریلیا | 168 | 260 | 10927 | 51.06 |
* اب بھی ٹیسٹ مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔