عالمی کپ کے مضبوط امیدوار سری لنکا کے حتمی دستے کا اعلان

0 1,264

2007ء اور 2011ء میں مسلسل دو بار عالمی کپ کے فائنل میں شکست کھانے کے بعد اس مرتبہ سری لنکا کوئی کسر باقی نہیں چھوڑنا چاہتا۔ یہی وجہ ہے کہ اگلے ماہ سے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں شروع ہونے والے عالمی کپ کے لیے سری لنکا نے انتہائی مضبوط، تجربہ کار اور بلاشبہ ایسی ٹیم کا اعلان کیا ہے جسے فیورٹ قرار دیا جا سکتا ہے۔

سنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے مسلسل دو عالمی کپ مہمات میں ناکامی کے بعد ورلڈ کپ جیتنے کا ارمان پورا کرکے ایک روزہ کرکٹ سے رخصت ہونا چاہیں گے (تصویر: Getty Images)
سنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے مسلسل دو عالمی کپ مہمات میں ناکامی کے بعد ورلڈ کپ جیتنے کا ارمان پورا کرکے ایک روزہ کرکٹ سے رخصت ہونا چاہیں گے (تصویر: Getty Images)

مالنگا ستمبر میں ٹخنے کے آپریشن کے بعد سے اب تک مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہو سکے اور بھارت اور انگلستان کے خلاف سیریز میں شرکت نہیں کی۔ البتہ دورہ نیوزی لینڈ میں ان کے کھیلنے کے امکانات موجود ہیں اور اگر وہاں اپنی مکمل فٹنس ظاہر کرنے میں کامیاب ہوگئے تو عالمی کپ بھی دور نہیں ہوگا۔ البتہ نہ کھیلنے کی صورت میں بھی سری لنکا عالمی کپ کے لیے دستے میں انہیں شامل رکھنے کا "جوا" کھیل سکتاہے۔

بلے بازی میں انتہائی تجربہ کار کمار سنگاکارا، مہیلا جے وردھنے اور تلکارتنے دلشان کا ساتھ دینے کے لیے نائب کپتان لاہیرو تھریمانے، دنیش چندیمال، دیموتھ کرونارتنے موجود ہیں۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں موسم اور حالات کو دیکھیں تو باؤلنگ میں بھی خاصا دم نظر آتا ہے۔ لاستھ مالنگا کے علاوہ خود کپتان اینجلو میتھیوز، نووان کولاسیکرا، تھیسارا پیریرا، دھمیکا پرساد اور سورنگا لکمل کی موجودگی گیندبازی کو بہت مضبوط بنا رہی ہے۔ آل راؤنڈرز میں میتھیوز اور تھیسارا کے علاوہ دلشان بھی موجود ہیں جن کی صلاحیتیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔

عالمی کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں نیوزی لینڈ کے خلاف سات ایک روزہ مقابلوں کی آئندہ سیریز بہت اہمیت کی حامل ہوگی جس کا آغاز 11 جنوری سے ہو رہا ہے۔

سری لنکا عالمی کپ کے پہلے روز یعنی 14 فروری کو میزبان نیوزی لینڈ ہی کے خلاف کرائسٹ چرچ میں میچ کھیلے گا جس کے بعد اسے پول 'اے' کی دیگر ٹیموں آسٹریلیا، انگلستان، بنگلہ دیش، افغانستان اور اسکاٹ لینڈ سے کھیلنا ہوگا۔

سری لنکا کا ورلڈ کپ دستہ:

اینجلو میتھیوز (کپتان)، تلکارتنے دلشان، کمار سنگا کارا، مہیلا جے وردھنے، لاہیرو تھریمانے، دنیش چندیمال، دیموتھ کرونارتنے، جیون مینڈس، تھیسارا پیریرا، سورنگا لکمل، لاستھ مالنگا، دھمیکا پرساد، نووان کولاسیکرا، رنگانا ہیراتھ اور سچیتھرا سینانائیکے۔