عالمی کپ: میزبان اور فیورٹ نیوزی لینڈ کا دستہ بھی تیار

0 1,022

عالمی کپ 2015ء کے آغاز میں ایک مہینہ اور چند دنوں کا وقت رہ گیا ہے اور عالمی اعزاز کے حصول کے لیے حتمی کھلاڑیوں نام سامنے آ گئے ہیں جن میں آج میزبان اور ورلڈ کپ کے لیے مضبوط ترین امیدوار نیوزی لینڈ کا 15 رکنی حتمی دستہ بھی شامل ہیں جس میں ایک سال سے زیادہ عرصے کے بعد گرانٹ ایلیٹ کی واپسی ہوئی ہے جبکہ پاکستان کے خلاف حالیہ ایک روزہ سیریز میں ناکامی کا منہ دیکھنے والے جمی نیشام کو باہر کردیا گیا ہے۔

اگر نیوزی لینڈ حالیہ کارکردگی اور اپنے کھلاڑیوں کی حقیقی صلاحیتوں کے مطابق کھیلا تو عالمی کپ میں دنیا کی کوئی ٹیم اسے روکتی نہیں دکھائی دیتی (تصویر: Getty Images)
اگر نیوزی لینڈ حالیہ کارکردگی اور اپنے کھلاڑیوں کی حقیقی صلاحیتوں کے مطابق کھیلا تو عالمی کپ میں دنیا کی کوئی ٹیم اسے روکتی نہیں دکھائی دیتی (تصویر: Getty Images)

نیشام متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے خلاف سیریز میں صرف دو ایک روزہ مقابلوں میں آزمائے گئے اور نیوزی لینڈ کے سیریز جیتنے کے باوجود خود بری طرح ناکام ہوئے تھے۔ دو مقابلوں میں انہوں نے صرف 3 رنز بنائے اور 66 کے بھاری اوسط کے ساتھ محض دو وکٹیں حاصل کیں۔

دوسری جانب گرانٹ ایلیٹ گو کہ نومبر 2013ء کے بعد سے نیوزی لینڈ کی نمائندگی نہیں کرسکے لیکن 51 ایک روزہ مقابلوں میں تقریباً 30 کے اوسط کے ساتھ 1013 رنز اور 20 وکٹیں ان کی آل راؤنڈ صلاحیتوں کا ثبوت ہیں۔ گرانٹ ایلیٹ کی شمولیت کا سبب غالباً آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے میدانوں پر ان کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی ہے۔ آسٹریلیا میں وہ 52.50 اور اپنے ملک میں 35.40 کے اوسط کے ساتھ رنز بنا چکے ہیں۔

بلے بازی میں ان-فارم کین ولیم سن، تجربہ کار روس ٹیلر اور جارح مزاج قائد برینڈن میک کولم نیوزی لینڈ کی بیٹنگ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھیں گے جنہیں افتتاحی بلے باز مارٹن گپٹل اور ٹام لیتھم اچھا آغاز دینے کی کوشش کریں گے۔ لوئر مڈل آرڈر میں آل راؤنڈر کوری اینڈرسن بہت اہم مقام رکھتے ہیں جو اس وقت ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین سنچری کا عالمی ریکارڈ بھی رکھتے ہیں۔

نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف گزشتہ سیریز میں اپنے اہم گیندبازوں ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ کو آرام کا موقع دیا تھا اور ان کی جگہ میٹ ہنری، ایڈم ملنے اور مچل میک کلیناگھن کو موقع دیا تھا۔ ان دونوں کی واپسی سے کسی ایک گیندباز کا باہر ہونا لازمی تھا، اسی لیے میٹ ہنری کو باہر کا راستہ دیکھنا پڑا۔ اب نیوزی لینڈ عالمی کپ میں ساؤتھی، بولٹ، میک کلیناگھن اور ایڈم ملنے کی بھرپور 'پیس بیٹری' کا حامل ہوگا جبکہ اسپن گیندبازی میں ذمہ داری تجربہ کار ڈینیل ویٹوری پر ہوگی۔

نیوزی لینڈ عالمی کپ کے پول 'اے' میں ہے جہاں وہ 14 فروری کو سری لنکا کے خلاف ورلڈ کپ کا افتتاحی مقابلہ کھیلے گا اور بعد ازاں اپنے ہوم گراؤنڈ پر ہی آسٹریلیا، انگلستان، بنگلہ دیش، اسکاٹ لینڈ اور افغانستان سے ٹکرائے گا۔

عالمی کپ کے لیے نیوزی لینڈ کا 15 رکنی دستہ :

برینڈن میک کولم (کپتان)، ایڈم ملنے، ٹام لیتھم، ٹرینٹ بولٹ، ٹم ساؤتھی، ڈینیل ویٹوری، روس ٹیلر، کائل ملز، کوری اینڈرسن، کین ولیم سن، گرانٹ ایلیٹ، لیوک رونکی، مارٹن گپٹل، مچل میک کلیناگھن اور ناتھن میک کولم۔