جنید خان زخمی؛ بلاول بھٹی قومی ٹیم میں شامل
پاکستانی تیز گیند باز جنید خان زخمی ہونے کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ مقابلوں کی سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ ان کی جگہ 23 سالہ بلاول بھٹی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
جنید خان گزشتہ دنوں نیشنل کرکٹ اکیڈمی، لاہور میں باولنگ پریکٹس کے دوران زخمی ہوئے تھے۔ بازو اور ران میں شدید تکلیف کی شکایت پر جنید کا طبی معائنہ کیا گیا جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے طبی ماہرین کی ٹیم کے سرپرست ڈاکٹر سہیل سلیم اور فزیو تھیراپسٹ براڈ رابنسن نے بتایا کہ جنید خان کی دائیں ران میں شدید کھنچاؤ ہے جس کے بعد انہیں نیوزی لینڈ کے دورے میں آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
جنید خان کی جگہ آل راونڈر بلاول بھٹی کو دستے میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے چیف سیلکٹر معین خان نے کہا کہ کپتان مصباح الحق کی سفارش پر چیئرمین شہریار خان نے بلاول بھٹی کی شمولیت کی منظوری دی۔ مصباح الحق کی خواہش ہے کہ عالمی کپ 2015ء سے قبل بلاول بھٹی نیوزی لینڈ کے خلاف مقابلوں میں حصہ لیں تاکہ جنید خان کی عدم دستیابی کی صورت میں وہ تیز گیند بازی میں آنے والے خلا کو پر کرسکیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ایک روزہ 31 جنوری جبکہ دوسرا و آخری ایک روزہ مقابلہ 3 فروری کو کھیلے گی۔ بعدازاں قومی ٹیم عالمی کپ 2015ء کے دو وارم اپ کے مقابلے بھی بالترتیب 9 اور 11 فروری کو نیوزی لینڈ ہی میں کھیلے گی۔