سعید اجمل اور حفیظ کی قسمت کا فیصلہ عالمی کپ سے پہلے ہوجائے گا

0 1,025

پاکستان کرکٹ بورڈ نے عالمی کپ سے پہلے خطرہ مول لیتے ہوئے محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کی بھی باضابطہ جانچ کا مطالبہ کردیا ہے۔ ایک طرف سعید اجمل کے مستقبل کا فیصلہ چند دنوں میں ہونے والا ہے اور دوسری جانب محمد حفیظ بھی عالمی کپ سے پہلے حتمی جانچ کی چھری تلے آئیں گے، دیکھتے ہیں کون قسمت کا دھنی نکلتا ہے۔

اگر محمد حفیظ باضابطہ جانچ کے مرحلے سے کامیابی سے گزر گئے تو عالمی کپ میں باؤلنگ کرتے دکھائی دیں گے (تصویر: AFP)
اگر محمد حفیظ باضابطہ جانچ کے مرحلے سے کامیابی سے گزر گئے تو عالمی کپ میں باؤلنگ کرتے دکھائی دیں گے (تصویر: AFP)

پی سی بی نے بین الاقوامی کرکٹ کونسل سے مطالبہ کیا ہےکہ وہ محمد حفیظ کی باؤلنگ ایکشن کی ازسرنو جانچ کرے جو ممکنہ طور پر فروری کے پہلے ہفتے میں ہوگی۔ یوں پاکستان کو امید ہے کہ عالمی کپ سے پہلے حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کا معاملہ بھی حتمی کروٹ بیٹھ جائے گا جہاں پاکستان اپنا پہلا مقابلہ 15 فروری کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا۔

محمد حفیظ پاکستان کے حتمی دستے کا حصہ ہونے کے باوجود اس وقت تک باؤلنگ نہیں کروا سکتے جب تک کہ ان کا ایکشن شفاف نہ قرار دے دیا جائے۔ چند ہفتے قبل غیر سرکاری جانچ میں محمد حفیظ ناکام ٹھہرے تھے جہاں ان کی 11 میں سے چھ گیندیں قانونی حدود سے تجاوز کرتی پائی گئی تھیں۔ اس کے باوجود پی سی بی باضابطہ جانچ کروانے کا خطرہ مول لے رہا ہے جہاں ناکامی کی صورت میں حفیظ پر مخصوص عرصے کے لیے پابندی بھی لگ سکتی ہے۔

لیکن اگر دونوں گیندباز اس مشکل مرحلے کو کامیابی سے عبور کرگئے تو محمد حفیظ صد فی صد عالمی کپ میں باؤلنگ کرتے دکھائی دیں گے جبکہ سعید اجمل کی آمد کے امکانات بھی پیدا ہوسکتے ہیں۔