دوسرا بہترین اسپنر بھی عالمی کپ سے باہر
ماضی کے مقابلے میں اسپن باؤلنگ کا کردار اب بہت زیادہ اہم ہے یہی وجہ ہے کہ ہر طرز کی کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں اسپن گیندبازوں کا راج دکھائی دیتا ہے لیکن عالمی کپ 2015ء میں ہمیں ایک روزہ کرکٹ کے دو بہترین گیندباز نظر نہیں آئیں گے کیونکہ پاکستان کے سعید اجمل معطل ہیں اور اب ویسٹ انڈیز کے سنیل نرائن بھی عالمی کپ سے دستبردار ہوگئے ہیں۔
ماضی کی عظیم کرکٹ طاقت ویسٹ انڈیز کے عالمی کپ کے کوارٹر فائنل تک پہنچنے کے امکانات تو اب بھی کم نہیں ہوئے لیکن ڈیوین براوو، کیرون پولارڈ اور اب سنیل نرائن کے باہر ہوجانے کے بعد اس کی مہم کو بڑا دھچکا ضرور پہنچا ہے۔
سنیل نرائن کو گزشتہ سال چیمپئنز لیگ ٹی 20 کے دوران دو بار مشکوک باؤلنگ ایکشن کی وجہ سے رپورٹ کیا گیا تھا جس کے بعد وہ کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی طرف سے ٹورنامنٹ کا فائنل بھی نہیں کھیل پائے تھے۔ اب گو کہ عالمی کپ سے پہلے وہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیل چکے ہیں اور بہترین کارکردگی بھی پیش کی ہے لیکن کہتے ہیں کہ انہیں اس وقت خود پر 100 فیصد یقین اور اعتماد نہیں ہے اور جب تک ان کا اعتماد بحال نہیں ہوگا، وہ بین الاقوامی کرکٹ میں قدم نہیں رکھیں گے۔
سنیل نرائن اپنے بل بوتے پر باؤلنگ ایکشن کی بحالی کا کام کررہے ہیں، جس میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز ان کے ساتھ ہے اور وہ اب تک کی پیشرفت سے مطمئن بھی ہیں لیکن تشویش اب بھی برقرار ہے جو ظاہر کرتی ہے کہ وہ بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے مقام اور ذمہ داری سے بخوبی آگاہ ہیں اور سمجھتے ہیں کہ اعتماد کی کمی کے ساتھ انہیں ٹیم پر بوجھ نہیں بننا چاہیے۔ ان کا کہنا ہے کہ "اپنے اور ویسٹ انڈیز کرکٹ کے مفاد کے لیے بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کو موخر کررہا ہوں اور عالمی کپ سے دستبردار ہو رہا ہوں۔"
ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ جلد ہی سنیل نرائن کے متبادل کا نام ظاہر کرے گا جو عالمی کپ میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کرے گا۔