دورۂ ویسٹ انڈیز کے لیے بھارتی دستے کا اعلان، گوتم گمبھیر قیادت کریں گے

1 1,036

بھارت نے دورۂ ویسٹ انڈیز کے لیے 16 رکنی دستے کا اعلان کر دیا ہے جس میں سچن ٹنڈولکر، مہندر سنگھ دھونی اور ظہیر خان سمیت اہم کھلاڑی شامل نہیں ہیں۔

گوتم گمبھیر ایک مرتبہ پھر قائدانہ ذمہ داریاں نبھائیں گے

دھونی کی عدم موجودگی میں عالمی چیمپیئن ٹیم کی قیادت گوتم گمبھیر کو سونپی گئی ہے جو اس سے قبل گزشتہ سال نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں قیادت سنبھال چکے ہیں۔ مذکورہ سیریز میں بھارت نے 5-0 کی شاندار کامیابی حاصل کی تھی اور گوتم اسی سلسلے کو ویسٹ انڈیز میں بھی برقرار رکھنا چاہیں گے۔

بھارت کی قومی سلیکشن کمیٹی نے عام نقطۂ نظر کے برخلاف انڈین پریمیئر لیگ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی بجائے ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں سبرامنیم بدری ناتھ، روہیت شرما اور پارتھیو پٹیل کو شامل کیا گیا۔ ان کھلاڑیوں نے رانجی ٹرافی میں بہت اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

باؤلنگ کے شعبے میں ونے کمار، ایشانت شرما اور امیت مشرا کو شامل کیا گیا ہے جو زخمی اشیش نہرا اور نکالے گئے سری سانتھ اور پیوش چاؤلہ کی جگہ سنبھالیں گے۔ عالمی کپ میں انجری کے باعث نہ کھیلنے والے پروین کمار ایک مرتبہ پھر ٹیم میں واپس آ گئے ہیں اور وہ ظہیر خان کی جگہ اہم ذمہ داری نبھائیں گے۔

بھارت 4 جون کو ویسٹ انڈیز کے لیے واحد ٹی ٹوئنٹی کے ذریعے دورے کا آغاز کرے گا جس کے بعد دونوں ٹیمیں 5 ایک روزہ مقابلوں میں آمنے سامنے آئیں گی۔

اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

گوتم گمبھیر (کپتان)، امیت مشرا، ایشانت شرما، پارتھیو پٹیل، پروین کمار، روہیت شرما، روی چندر آشون، سبرامنیم بدری ناتھ، سریش رائنا، مناف پٹیل، ہربھجن سنگھ، وریدھمن ساہا، ونے کمار، ویرات کوہلی، یوسف پٹھان اور یووراج سنگھ۔