فاکنر زخمی، عالمی کپ میں شرکت پر سوالیہ نشان
عالمی کپ سے پہلے "بگ تھری" سیریز میں جیت اور ایک روزہ کرکٹ کی نمبر 'ون' ٹیم کی حیثیت سے اپنے ہی میدانوں پر سب سے بڑا ٹورنامنٹ کھیلنے کا آسٹریلیا کا مزا کرکرا ہونے جارہا ہے کیونکہ اس کے اہم ترین آل راؤنڈر جیمز فاکنر بھی زخمیوں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔
حالیہ سہ فریقی سیریز کے فائنل میں انگلستان کے خلاف 24 گیندوں پر 50 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلنے والے فاکنر باؤلنگ کے دوران تیسرے اوور میں زخمی ہوکر میدان سے باہر چلے گئے تھے۔ ان کی انجری کی نوعیت کا تفصیلی علم تو فی الحال نہیں لیکن ایسی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں کہ ان کے عالمی کپ سے باہر ہونے کا خدشہ بدستور موجود ہے۔
اگر فاکنر عالمی کپ نہ کھیل پائے تو یہ آسٹریلیا کے لیے دوسرا دھچکا ہوگا۔ پہلا سوال کپتان مائیکل کلارک کے بارے میں ہے، جن کے بارے میں یہ بات تو یقینی ہے کہ وہ عالمی کپ کے ابتدائی مقابلے نہیں کھیل پائیں گے اور بعد میں بھی اگر فٹ قرار پائے تو حصہ لے پائیں گے لیکن فاکنر کا زخمی ہونا کلارک سے زیادہ خطرناک ہے۔ آسٹریلیا کے آل راؤنڈرز کی فہرست میں جتنا زیادہ اعتماد فاکنر پر کیا جا سکتا ہے، اتنا گلین میکس ویل اور مچل مارش پر نہیں کیا جا سکتا۔ میچ کو خاتمے تک پہنچانے کی صلاحیت کی وجہ سے آسٹریلیا ان کو عالمی کپ ضرور کھلانا چاہے گا۔ دیکھتے ہیں آئندہ چند روز فاکنر کے حوالے سے کیا خبریں لے کر آتے ہیں۔