[ریکارڈز] بلاول بھٹی بدترین باؤلرز میں شامل
جنید خان کے عالمی کپ سے باہر ہوتے ہی بلاول بھٹی کی قسمت جاگتی ہوئی محسوس ہو رہی تھی، لیکن اس کے بعد اپنے پہلے ہی مقابلے میں بدترین گیندبازوں کی فہرست میں مقام پا کر اپنی قسمت کو دوبارہ سلا دیا ہے۔ بلاول بھٹی زخمی جنید خان کی جگہ نیوزی لینڈ کے دورے پر موجود ہیں اور کم از کم پاک-نیوزی لینڈ دوسرے ایک روزہ میں بدترین کارکردگی دکھانے سے پہلے تک تو وہ عالمی کپ میں شرکت کے مضبوط امیدوار تھے لیکن نیپئر میں 10 اوورز میں 93 رنز کھانے کا بدترین ریکارڈ بنانے کے بعد اب ان کا مختصر سفر تمام ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔
ویسے تو نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ایک روزہ میں پاکستان کے تمام ہی گیندباز 'بے دست و پا' دکھائی دیے لیکن بلاول کی کارکردگی سب سے گھٹیا رہی۔ انہوں نے اپنے حصے کے 10 اوورز میں 93 رنز کھائے، جن میں پانچ چھکے اور 10 چوکے بھی شامل تھے۔ یوں وہ ایک مقابلے میں سب سے زیادہ رنز کھانے والے گیندبازوں میں شامل ہوگئے ہیں، بلکہ وہاب ریاض کا قائم کردہ قومی ریکارڈ برابر کیا ہے۔
وہاب ریاض نے مارچ 2013ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ مقابلے کے دوران 10 اوورز میں 93 رنز کی بری مار کھائی تھی۔ البتہ وہ بلاول سے اس لیے بہتر رہے کہ مذکورہ مقابلے میں 2 وکٹیں وہاب کے ہاتھ لگی تھیں جبکہ بلاول تہی دامن رہے۔
بلاول نے اپنے پہلے ہی اوور میں برینڈن میک کولم سے دو چوکے کھائے اور اس کے بعد ان کے خلاف رنز سیلاب کی طرح نکل پڑے۔ نیوزی لینڈ کے کپتان کے ہاتھوں اگے ہی اوور میں ایک چوکا اور چھکا سہنے کے بعد وہ اوورز سنبھلے لیکن اننگز کے اختتامی لمحات میں ان کے لیے رنز روکنا ناممکن ہوگیا۔ گرانٹ ایلیٹ اور روس ٹیلر کی دھواں دار بلے بازی نے دیگر گیندبازوں سے زیادہ بلاول بھٹی پر ہاتھ صاف کیا۔ یہاں تک کہ آخری اوور کی آخری گیند پر ٹیلر نے ایک شاندار چھکا لگاکر اپنی سنچری مکمل کی اور نیوزی لینڈ کے مجموعے کو 369 رنز تک پہنچا دیاجو پاکستان کے خلاف نیوزی لینڈ کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔
بہرحال، ایک میچ میں سب سے سب سے زیادہ رنز کھانے والے پاکستانی گیند بازوں بلاول بھٹی اور وہاب ریاض سےقبل یہ "سعادت" رانا نوید الحسن کے پاس تھی۔ جنہوں نے 2007ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف ایک ون ڈے میں صرف 8 اوورز میں 92 رنز کھائے تھے۔
عالمی ریکارڈ بدستور آسٹریلیا کے مک لوئس کے پاس ہے جنہوں نے مارچ 2006ء میں آسٹریلیا-جنوبی افریقہ کے یادگار ایک روزہ مقابلے میں 10 اوورز میں 113 رنز کھائے تھے۔ ان بدنصیب گیندبازوں کی فہرست ذیل میں پیش کررہے ہیں، امید ہے آپ کی کرکٹ معلومات میں اضافے کا باعث بنے گی:
کسی ایک روزہ مقابلے میں سب سے زیادہ رنز کھانے والے گیندباز
گیندباز | ملک | اوورز | میڈنز | رنز | وکٹیں | بمقابلہ | بمقام | بتاریخ |
---|---|---|---|---|---|---|---|---|
مک لوئس | آسٹریلیا | 10 | 0 | 113 | 0 | جنوبی افریقہ | جوہانسبرگ | 12 مارچ 2006ء |
مارٹن سنیڈن | نیوزی لینڈ | 12 | 1 | 105 | 2 | انگلستان | اوول | 9 جون 1983ء |
ٹم ساؤتھی | نیوزی لینڈ | 10 | 0 | 105 | 0 | بھارت | کرائسٹ چرچ | 8 مارچ 2009ء |
برائن وٹوری | زمبابوے | 9 | 0 | 105 | 1 | نیوزی لینڈ | نیپئر | 9 فروری 2012ء |
ونے کمار | بھارت | 9 | 0 | 102 | 1 | آسٹریلیا | بنگلور | 2 نومبر 2013ء |
متیاہ مرلی دھرن | سری لنکا | 10 | 0 | 99 | 0 | آسٹریلیا | سڈنی | 12 فروری 2006ء |
اشانتھا ڈی میل | سری لنکا | 10 | 0 | 97 | 1 | ویسٹ انڈیز | کراچی | 13 اکتوبر 1987ء |
اسٹیو ہارمیسن | انگلستان | 10 | 0 | 97 | 0 | سری لنکا | لیڈز | یکم جولائی 2006ء |
شفیع الاسلام | بنگلہ دیش | 9 | 0 | 97 | 2 | انگلستان | برمنگھم | 12 جولائی 2010ء |
اینڈی بلگناٹ | زمبابوے | 9 | 0 | 96 | 2 | نیوزی لینڈ | بلاوایو | 24 اگست 2005ء |
ڈیوین لیوروک | برمودا | 10 | 0 | 96 | 1 | بھارت | پورٹ آف اسپین | 19 مارچ 2007ء |
لاستھ مالنگا | سری لنکا | 7.4 | 0 | 96 | 1 | بھارت | ہوبارٹ | 28 فروری 2012ء |
کوری اینڈسن | نیوزی لینڈ | 10 | 0 | 96 | 1 | پاکستان | شارجہ | 14 دسمبر 2014ء |
پیٹر کونیل | آئرلینڈ | 9 | 0 | 95 | 0 | نیوزی لینڈ | ابرڈین | یکم جولائی 2008ء |
وین پارنیل | جنوبی افریقہ | 10 | 0 | 95 | 2 | بھارت | گوالیار | 24 فروری 2010ء |
شفیع الاسلام | بنگلہ دیش | 10 | 0 | 95 | 3 | پاکستان | دمبولا | 21 جون 2010ء |
شنگی ماساکازا | زمبابوے | 10 | 0 | 95 | 2 | جنوبی افریقہ | بینونی | 22 اکتوبر 2010ء |
جیرم ٹیلر | ویسٹ انڈیز | 10 | 0 | 95 | 1 | جنوبی افریقہ | جوہانسبرگ | 18 جنوری 2015ء |
سنتھ جے سوریا | سری لنکا | 10 | 0 | 94 | 3 | پاکستان | نیروبی | 4 اکتوبر 1996ء |
پیٹر بورین | نیدرلینڈز | 10 | 0 | 94 | 1 | زمبابوے | ایمسٹلوین | 4 جولائی 2006ء |
وہاب ریاض | پاکستان | 10 | 0 | 93 | 2 | جنوبی افریقہ | جوہانسبرگ | 17 مارچ 2013ء |
سورنگا لکمل | سری لنکا | 10 | 0 | 93 | 0 | نیوزی لینڈ | ڈنیڈن | 23 جنوری 2015ء |
بلاول بھٹی | پاکستان | 10 | 0 | 93 | 0 | نیوزی لینڈ | نیپئر | 3 فروری 2015ء |