نیوزی لینڈ کا شاندار آغاز، سری لنکا کو 98 رنز سے شکست

1 1,026

عالمی کپ کا آغاز میزبان نیوزی لینڈ کی سری لنکا کے خلاف ایک شاندا رجیت کے ذریعے ہوگیا کہ جہاں میزبان نے کھیل کے ہر شعبے میں اپنی بالادستی ثابت کردی۔ ہیگلے اوول، کرائسٹ چرچ میں مطلع ابرآلود دیکھ کر سری لنکا کے کپتان اینجلو میتھیوز نے پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا لیکن ان کے باؤلرز حالات کا فائدہ اٹھانے میں ناکام ہوگئے اور نیوزی لینڈ نے 331 رنز کا بڑا مجموعہ اکٹھا کرلیا، جس کے جواب میں سری لنکا کی ہمت صرف 223 رنز تک پہنچ کر ٹوٹ گئی۔

اینڈرسن نے عالمی کپ کے پہلے ہی مقابلے میں اپنی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی دکھاکر دوسری ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے (تصویر: AFP)
اینڈرسن نے عالمی کپ کے پہلے ہی مقابلے میں اپنی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی دکھاکر دوسری ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے (تصویر: AFP)

بلے بازی کی دعوت دینے کا فیصلہ نیوزی لینڈ کو بہت راس آیا اور آغاز ہی سے اس کے بلے باز مقابلے پر چھا گئے۔ مارٹن گپٹل اور برینڈن میک کولم نے پہلی وکٹ پر ہی 111 رنز کی زبردست شراکت داری قائم کی۔ میک کولم نے صرف 35 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی اور 16 ویں اوور میں رنگانا ہیراتھ کی وکٹ بنے۔ میک کولم کل 49 گیندوں پر 65 رنز بنائے جن میں ایک چھکا اور 10 چوکے شامل تھے۔ مجموعہ 136 رنز تک پہنچا تھا کہ مارٹن گپٹل کا بھی بلاوا آ گیا۔ سورنگا لکمل کی باتی جاتی ہوئی گیند کے چھیڑنے کے چکر میں وہ وکٹوں کے پیچھے کیچ دے بیٹھے۔ گپٹل نے 62 گیندوں پانچ چوکوں کی مدد سے 49 رنز بنائے۔

ان فارم روس ٹیلر اور کین ولیم سن نے تیسری وکٹ پر 57 رنز کی شراکت کی۔ ولیم سن نے اپنی شاندار فارم جاری رکھتے ہوئے 65 گیندوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کے ساتھ 57 رنز بنائے۔ سری لنکا کو مقابلے میں واپس آنے کا موقع اس وقت ملا جب جیون مینڈس نے مسلسل دو گیندوں پر ولیم سن اور ٹیلر کی اننگز کا خاتمہ کیا، جو صرف 14 رنز بنا سکے۔

بلے بازوں کے بعد اب اننگز آل راؤنڈرز کے ہاتھ میں تھی۔ گرانٹ ایلیٹ اور کوری اینڈرسن نے 65 رنز کی مفید شراکت داری قائم کی، جس میں ایلیٹ کا حصہ 29 رنز کا تھا جبکہ وکٹ کیپر لیوک رونکی نے بھی اینڈرسن کا بھرپور ساتھ دیا اور مجموعے کو 300 رنز سے بھی آگے لے گئے۔

کوری اینڈرسن اننگز کی آخری گیند پر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 46 گیندیں کھیلیں، 8 چوکے اور دو چھکے لگائے اور 75 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ رونکی 19 گیندوں پر 29 رنز بنا کر ناقابل شکست لوٹے۔

لاستھ مالنگا کی واپسی کے بعد سری لنکا کی باؤلنگ لائن کے مضبوط ہونے کی امید تھی لیکن وہ زیادہ اثر انگیز نہیں دکھائی دی۔ مالنگا نے تو 10 اوورز میں 84 رنز کی بدترین مار کھائی اور کوئی وکٹ بھی حاصل نہ کی۔

سری لنکا کی باؤلنگ لائن نے پہلے 10 اوورز میں 77 اور آخری 10 میں 102 رنز کی مار کھائی۔ اس کے بعد ایک بار بھی ہدف کے تعاقب میں درست سمت میں جاتا نہیں دکھائی دیا۔ 22 اوورز میں 124 رنز کی موجودگی اور صرف ایک وکٹ کا نقصان کسی حد تک حوصلہ افزاء ضرور تھا لیکن مسلسل تین اوورز میں لاہیرو تھریمانے، مہیلا جے وردھنے اور کمار سنگاکارا کی وکٹیں گرنے سے پیشرفت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ تھریمانے 60 گیندوں پر 65 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی جبکہ سنگاکارا نے 39 رنز بنائے اور جے وردھنے صفر کی ہزیمت سے دوچار ہوئے۔

بعد میں آنے والے بلے بازوں میں اینجلو میتھیوز نے 46 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کی البتہ ٹیم پورے 50 اوورز بھی نہ مکمل کرسکی اور 233 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

نیوزی لینڈ کے تمام ہی گیندبازوں نے بہت عمدہ کارکردگی دکھائی۔ ٹم ساؤتھی، ٹرینٹ بولٹ، ایڈم ملنے، کوری اینڈرسن اور ڈینیل ویٹوری سب سے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ اینڈرسن کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

نیوزی لینڈ اپنا اگلا مقابلہ 17 فروری کو اسکاٹ لینڈ سے کھیلے گا جبکہ سری لنکا 22 فروری کو افغانستان کے مدمقابل ہوگا۔

نیوزی بمقابلہ سری لنکا

عالمی کپ 2015ء، پہلا مقابلہ

14 فروری 2015ء

بمقام: ہیگلے اوول، کرائسٹ چرچ

نتیجہ: پاکستان 98 رنز سے کامیاب

میچ کے بہترین کھلاڑی: کوری اینڈرسن

نیوزی لینڈ رنز گیندیں چوکے چھکے
مارٹن گپٹل ک سنگاکارا ب لکمل 49 62 5 0
برینڈن میک کولم ک مینڈس ب ہیراتھ 65 49 10 1
کین ولیم سن ک کرونارتنے ب مینڈس 57 65 5 1
روس ٹیلر اسٹمپڈ سنگاکارا ب مینڈس 14 28 0 0
گرانٹ ایلیٹ ک تھریمانے ب لکمل 29 34 2 0
کوری اینڈرسن ک لکمل ب کولاسیکرا 75 46 8 2
لیوک رونکی ناٹ آؤٹ 29 19 4 0
فاضل رنز ل ب 2، و 8، ن ب 3 13
مجموعہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 331

 

سری لنکا (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
نووان کولاسیکرا 8 0 78 1
لاستھ مالنگا 10 0 84 0
اینجلو میتھیوز 6 0 28 0
رنگانا ہیراتھ 9 0 37 1
تلکارتنے دلشان 5 0 35 0
سورنگا لکمل 10 0 62 2
جیون مینڈس 2 0 5 2

 

سری لنکاہدف: 332 رنز رنز گیندیں چوکے چھکے
لاہیرو تھریمانے ب بولٹ 65 60 8 0
تلکارتنے دلشان ک و ب ویٹوری 24 41 2 0
کمار سنگاکارا ایل بی ڈبلیو ب بولٹ 39 38 5 0
مہیلا جے وردھنے ک رونکی ب ویٹوری 0 4 0 0
دیموتھ کرونارتنے ب ملنے 14 21 0 0
اینجلو میتھیوز ک ویٹوری ب ساؤتھی 46 52 5 0
جیون مینڈس ک رونکی ب ملنے 4 4 1 0
نووان کولاسیکرا ک ایلیٹ ب اینڈرسن 10 21 1 0
رنگانا ہیراتھ ک ملنے ب اینڈرسن 13 19 2 0
لاستھ مالنگا ک رونکی ب ساؤتھی 0 1 0 0
سورنگا لکمل ناٹ آؤٹ 7 17 0 0
فاضل رنز و 10، ن ب 1 11
مجموعہ 46.1 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 233

 

نیوزی لینڈ (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
ٹم ساؤتھی 10 1 43 2
ٹرینٹ بولٹ 10 0 64 2
ایڈم ملنے 10 0 56 2
ڈینیل ویٹوری 10 0 34 2
گرانٹ ایلیٹ 2 0 11 0
کین ولیم سن 1 0 7 0
کوری اینڈرسن 3.1 0 18 2