شکست کے ذمہ دار بلے باز اور فیلڈرز ہیں، میتھیوز
عالمی کپ میں اپنے پہلے ہی گروپ مقابلے میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں کراری شکست کھانے کے بعد سری لنکا کے کپتان اینجیلو میتھیوز نے بلے بازوں اور خراب میدان بازی (فیلڈنگ) کو ذمہ دار ٹھیرایا ہے۔ کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے عالمی کپ کے افتتاحی مقابلے میں میزبان نے سری لنکا کو 98 رنز کے واضح فرق سے شکست دی جس کے بعد فاتح کپتان برینڈن میک کولم نے اپنے کھلاڑیوں کی کارکردگی کی تعریف کی ہے۔
نیوزی لینڈ ٹیم کے 331 رنز کے جواب میں سری لنکا 46.1 اوورز میں 233 رنز ہی بنا سکا۔ جس کے بعد میتھیوز نے کہاکہ، "ہمارے گیندبازوں نے خراب شروعات کی، گو کہ درمیان میں ہم نے اچھی گیندبازی کی لیکن آخری لمحات میں وہ پھر بکھر گئی۔ اس کے علاوہ ہماری فیلڈنگ کافی خراب رہی اور جس کی وجہ سے کارکردگی مزید بری رہی۔"
سری لنکن کپتان نے کہا کہ وکٹ جس انداز میں بلے بازوں کی مدد کر رہی تھی، اُسے دیکھتے ہوئے تین سو رنز کا مجموعہ حاصل کیا جا سکتا تھا لیکن سری لنکا کے گیندبازوں نے 30-40 رنز زیادہ دیے اور اس کی تلافی مشکل تھی۔ مقابلے میں سری لنکا کے اسٹار گیندباز لاستھ مالنگا نے دس اوورز میں 84 رن کھائے۔ جس پر میتھیوز نے کہا کہ آئندہ مقابلوں میں مالنگا زیادہ فٹ اور بہتر ہوتے جائیں گے۔ میتھیوز کے مطابق مالنگا ایک میچ جتانے والے گیندباز ہیں اور ایک کپتان کو ایسے ہی گیندباز کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آنے والے میچز میں سری لنکا شاندار واپسی کرے گی۔
سری لنکا کا اگلا مقابلہ 22 فروری کو کمزور حریف افغانستان سے ہوگا۔