عالمی کپ کا پہلا مقابلہ، اچھوتا اتفاق
سری لنکا کے لیے عالمی کپ کا آغاز ویسا ہی مایوس کن تھا، جیسا کہ پچھلے عالمی کپ کا اختتام۔ چار سال پہلے 275 رنز کا دفاع کرنے میں ناکام رہنے کے بعد اب کرائسٹ چرچ میں نئے عالمی کپ کا آغاز ہی نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 98 رنز کی بھاری شکست سے ہوا ہے۔ اس مقابلے کے آغاز پر ہی ایک عجیب اتفاق نے جنم لیا۔ ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرتے ہوئے سری لنکا نے پہلا اوور پھینکنے کے لیے گیند نووان کولاسیکرا کو تھمائی اور اس کے ساتھ ہی وہ پہلے کھلاڑی بن گئے جنہیں کسی عالمی کپ کی آخری گیند اور پھر اگلے عالمی کپ کی پہلی گیند کرانے کا منفرد اتفاق ہوا ہو۔
نووان کولاسیکرا ہی وہ گیندباز تھے جنہوں 2 اپریل 2011ء کو ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں 49 واں اوور پھینکا تھا جس کی دوسری گیند پر مہندر سنگھ دھونی نے یادگار چھکا رسید کرکے بھارت کو عالمی چیمپئن بنایا تھا۔ اب عالمی کپ 2015ء کی پہلی گیند پھینکنے کے بعد بھی نتیجہ کچھ مختلف نہیں رہا۔ سری لنکا کو شکست تو ہوئی ہی لیکن کولاسیکرا بھی ناکام دکھائی دیے۔ انہوں نے 8 اوورز میں 78 رنز کھائے جبکہ ان کے ساتھی لاستھ مالنگا کی حالت ان سے بھی خراب رہی۔